Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار برس قبل خروج وعودہ پر جانے والے وزٹ ویزے پر آسکتے ہیں؟

ہروب کینسل ہونے پر کارکن کو 60 دن کی مہلت ملتی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں امیگریشن قوانین کے تحت ایسے تارکین جو خروج وعودہ پرجاتے ہیں اور مقررہ وقت پر واپس نہیں لوٹتے ان کا اقامہ کینسل کردیا جاتا ہے۔ 
وہ غیرملکی کارکن جن پرخروج وعودہ کی خلاف ورزی درج کرلی جاتی ہے انہیں مملکت میں 3 برس کے لیے بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔ 
امیگریشن قانون کے مطابق یہ ضروری ہے کہ وہ غیرملکی کارکن جو خروج وعودہ پرمملکت سے جاتے ہیں انہیں چاہئے کہ اگرانہیں واپسی میں تاخیر کا سامنا ہو تو وہ اپنے ایگزٹ ری انٹری ویزے کی مدت میں توسیع کرلیں بصورت دیگر انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
جوازات کے ٹوئٹرپر ایک صارف نے دریافت کیا ہے کہ ’چار برس قبل خروج وعودہ پر گیا تھا مگر نجی مسائل کی وجہ سے واپس نہیں آسکا اس دوران کفیل نے مجھے ’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل کردیا معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا اب میں وزٹ ویزے پرمملکت آسکتا ہوں؟‘ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ جن غیرملکی کارکنوں کے خلاف ’خرج ولم یعد‘ کی خلاف ورزی درج کی جاتی ہے انہیں 3 برس کے لیے بلیک لسٹ کردیاجاتا ہے ایسی صورت میں وہ ممنوعہ مدت کے دوران کسی دوسرے ویزے جن میں عمرہ اور وزٹ ویزہ بھی شامل ہے پر مملکت نہیں آسکتے۔ 
مذکورہ پابندی کی مدت یعنی تین برس مکمل ہونے کے بعد جب پابندی ختم کردی جاتی ہے اس کے بعد انہیں مملکت آنے کی اجازت ہوتی ہے پابندی کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد وہ اگرچاہیں تو دوسرے ورک ویزے پر بھی مملکت آسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزٹ اورعمرہ ویزہ پربھی آیا جاسکتا ہے۔ 
سائق خاص کے ویزے پرمقیم ایک صارف نے جوازات کے ٹوئٹرپر دریافت کیا ’ کفیل نے میرے خلاف ہروب فائل کیا ہوا ہے کیا نئے قانون کی تحت میں کفالت کی تبدیلی کراسکتا ہوں؟‘ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ہروب کیسز کے تمام معاملات کی ذمہ داری وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی ہے وہ اس حوالے سے نیا قانون جاری کرچکے ہیں۔ 
واضح رہے حال ہی میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے ایسے غیرملکی کارکنان جن کے خلاف انکے کفیلوں نے ہروب یعنی ’فرار‘ ہونے کی رپورٹ درج کرائی ہے انہیں یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ ہروب کینسل کرانے کے بعد کفالت کی تبدیلی کراسکتے ہیں۔ 
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے نئے قانون کے تحت ہروب کینسل کرانے کے بعد کارکن کو 60 دن کی مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اس دوران یا تو دوسرا اسپانسر تلاش کرے یا فائنل ایگزٹ پرچلا جائے۔ 
واضح رہے اس قانون کے جاری ہونے سے قبل جن افراد کے خلاف ہروب فائل ہوتا تھا ان پر اس کی جو پابندی عائد کی جاتی تھی اس کے مطابق وہ نہ تو کفالت تبدیل کراسکتے تھے اورنہ ہی خروج نہائی پرجاسکتے تھے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: