کون سی ڈِش کرینہ کپور کے خاندان کو جوڑے رکھتی ہے؟
کرینہ کپور کے مطابق ان کا خاندان کھانوں کا شوقین ہے۔ (فوٹو: کرینہ انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی سپرسٹار اداکارہ کرینہ کپور خان نے ایسی ڈِش کا نام بتا دیا ہے جو ان کے پورے خاندان کو جوڑ کر رکھتی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرینہ کپور خان نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی فیملی کھانوں کی شوقین ہے اور اس حوالے سے وہ کسی اطالوی فیملی کے جیسی ہے۔
جب کرینہ کپور سے انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ ان کے لیے کیا چیز زیادہ اہم ہے کھانا یا اداکاری؟
اس کے جواب میں کرینہ کپور نے کہا کہ ’یہ بہت مشکل سوال ہے کیونکہ ہماری فیملی دونوں چیزوں سے پیار کرتی ہیں اور کھانے کے بارے میں کافی بات کی جاتی ہے۔‘
کرینہ کپور مزید کہتی ہیں کہ ’میرے خیال سے وہ ایک بڑی ڈِش ہوگی جو ہم سب جب بھی ملتے ہیں تو بہت شوق سے کھاتے ہیں اور وہ ہے پائے، یہ سالن کی طرح ہوتا ہے، ہم سب اسے بہت پسند کرتے ہیں۔‘
کرینہ کپور نے اپنی فیملی کی دعوتوں کے بارے میں کہا کہ ’ہم سب جب اکٹھے ہوتے ہیں تو ہماری آوازیں بہت اونچی ہو جاتی ہیں، ہمیں اگر کوئی سنے تو اسے یوں لگے گا جیسے ہم لڑائی کر رہے ہیں۔‘
’ہم اطالوی فیمیلیز کی طرح ہوتے ہیں، کیونکہ سب چِلّا رہے ہیں، کسی کو کچھ سجھ نہیں آتی لیکن ہمیں مزہ آ رہا ہوتا ہے۔‘
خیال رہے کرینہ کپور نے رواں برس کرسمس اپنے شوہر سیف علی خان اور بچوں کے ساتھ لندن میں منائی ہے جس کے باعث وہ اپنی فیملی میں ہونے والے کرسمس کے سالانہ ظہرانے میں شریک نہیں ہو سکی ہیں۔