Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان سمیت کئی نامور شخصیات کا ڈیٹا ہیک، ہیکر کی ایلون مسک کو دھمکی

ہیکر نے ایلون مسک کو دھمکی دی کہ ’آپ 5 کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا جرمانہ ادا کرنے والے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی سائبر انٹیلی جنس فرم ہُوڈسن راک کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نامور شخصیات کا ڈیٹا ہیک ہونے سے متعلق ایک تنبیہہ جاری کی ہے۔
اسرائیلی فرم کے مطابق بالی وُڈ سٹار سلمان خان اور گوگل کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) سندر پیچائی سمیت 40 کروڑ افراد کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کا ڈیٹا ڈارک ویب پر ہیکر کی جانب سے بیچا جاسکتا ہے۔
انڈین ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق سلمان خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے اور اسے ڈارک ویب پر بیچا جارہا ہے۔
سلمان خان کے ساتھ گوگل کے سی ای او سندر پیچائی، امریکی گلوکار چارلی پُوتھ سمیت کئی نامور شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں۔
کوئی موئی کے مطابق ہیکر نے 40 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کے بعد ٹوئٹر سے لین دین کا کہا ہے۔
ہُوڈسن راک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہیکر نے سلمان خان، چارلی پُوتھ اور سندر پیچائی سمیت بقیہ ہائی پروفائل اکاؤنٹس سے غیرمعمولی معلومات چُرا لی ہیں جن میں فون نمبرز اور ای میلز وغیرہ شامل ہیں۔
ہیکر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں 40 کروڑ افراد کا ڈیٹا بیچ رہا ہوں جو کہ بالکل محفوظ ہے۔‘
ہیکر نے ایلون مسک کو دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ’ٹوئٹر یا ایلون مسک اگر آپ یہ پڑھ رہے ہیں تو جان لیں کہ آپ پہلے ہی 5 کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے کا جرمانہ ادا کرنے والے ہیں، اب 40 کروڑ صارفین کے لیے تیار رہیں۔‘
ہیکر نے مزید کہا کہ ’2.76 ملین ڈالرز روپے کا جرمانہ ادا کرنے سے بہتر ہے کہ میرے سے ڈیٹا خرید لیں، میں یہ معلومات مزید فروخت نہیں کروں گا اور اس تھریڈ کو ڈیلیٹ کر دوں گا۔‘
ہوڈسن راک کی تازہ ترین ٹویٹ کے مطابق برطانوی صحافی اور ٹی وی ہوسٹ پیئرز مورگن کا اکاؤنٹ بھی ہیک کرلیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق ہیک ہونے والے ہائی پروفائل اکاؤںٹس میں اداکار سلمان خان، ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس، گوگل سی ای او سندر پیچائی اور گلوکار چارلی پُوتھ شامل ہیں۔ 
باسکٹ بال لیگ این بی اے، گلوکار شان مینڈس، انڈیا کی وزرات اطلاعات و نشریات، اقوامِ متحدہ کے ادارے ڈبلیو ایچ او وغیرہ کے اکاؤنٹس بھی ہیک ہو گئے ہیں۔

شیئر: