مکہ، جدہ اور رابغ میں بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نےمکہ، جدہ اور رابغ میں بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کی کمشنریوں میں بارش کا سلسلہ پیر کی سہ پہر تک جاری رہنے کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’بارش کے حوالے سے ہائی الرٹ کا تعلق مکہ مکرمہ، جدہ، الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ، اضم، میسان، طائف، الکامل، رابغ، خلیص، عسفان، الجموم، بحرۃ، اللیث اور الشعیبہ سے ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ اتوار کی رات جدہ، ثول، رابغ، الکامل، مکہ شہر، طائف، الھدا، الشفا، الشعیبہ اور اللیث میں شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ مدینہ منورہ ریجن اور اس کی کمشنریوں تک پھیلتا جارہا ہے‘۔
’ریاض، حائل، القصیم، الشرقیہ ریجن، حدود شمالیہ، الجوف بھی بارش کی زد میں ہیں‘۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف کے محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ’ پیر 2 جنوری کو تمام سکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی‘۔
’موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے پیر کو خراب موسم کی رپورٹ کی بنیاد پر آن لائن تعلیم کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
مکہ، الجموم، الکامل اور بحرہ، طائف، جدہ ، رابغ اور خلیص میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، آن لائن تدریس ہوگی۔