2022: سعودی شہریوں نے گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟
2022: سعودی شہریوں نے گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟
منگل 3 جنوری 2023 8:57
سعودی عرب میں گوگل پر ’مدرستی‘ ایپ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سال تو پہلے بھی بدلتے تھے تاہم نت نئی ٹیکنالوجی نے ان کا انداز ضرور بدل دیا ہے جس کا عملی مظاہرہ دو روز قبل ہی سب نے دیکھا۔
انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے جہاں نئے سال کے خوشیاں تلاش کرنے میں صارفین کی مدد کی، وہیں ایسی فہرستیں بھی پیش کر رہا ہے کہ گزرے 365 دنوں یعنی 2022 میں اس کے ذریعے صارفین آن لائن کیا کچھ ڈھونڈتے رہے۔
ایسی ہی ایک رپورٹ الرجل میگزین نے شائع کی ہے جو سعودی عرب، مصر اور متحدہ عرب امارات سے متعلق ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے کتنے فیصد صارفین کن سائٹس پر گئے۔
سعودی عرب
گوگل کی رپورٹ بتاتی ہے کہ سمارٹ ایجوکیشن کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ ’مدرستی‘ سعودیوں کی تلاش میں سرفہرست رہی۔
اسی طرح ’نور‘ پلیٹ فارم کی تلاش دوسرے نمبر پر رہی جو سکولوں کے طلبہ کے رویوں اور حاضری کی مانیٹرنگ سے متعلق ہے۔
اسی طرح فلسطینی رپورٹر شیرین ابو عقیلہ، جن کو اسرائیل میں قتل کر دیا گیا تھا، کی گوگل کے ذریعے تلاش تیسرے نمبر پر ہے۔
مصر
مصر میں سرچ کے لیے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ ’پاؤنڈ کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت‘ لکھا گیا۔ اس کے بعد شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی ’آب و ہوا کانفرنس‘ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ تیسرے نمبر پر ’الف‘ نامی گانا رہا جس کو صارفین نے تلاش کیا۔ یہ غزالہ رائکہ کا گانا ہے۔
متحدہ عرب امارات
یو اے ای میں 2022 کے دوران سرچ کے لیے سب زیادہ ’فیفا ورلڈ کپ‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے۔
اس کے بعد ’ورڈل‘ گیم کا نمبر ہے جو کہ الفاظ کی درستی سے متعلق ہے۔
اس کے بعد امارات میں رہنے والوں نے ملکہ الزبتھ دوم کا نام لکھ کر گوگل کے ذریعے تلاش کی۔ ملکہ الزبتھ کا انتقال آٹھ نومبر 2022 کو ہوا تھا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ان فہرستوں کی تیاری میں خصوصی طور پر ان موضوعات پر توجہ دی گئی ہے جن میں پچھلے برسوں کی نسبت صارفین کی دلچسپی بڑھی ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں دو تہائی سے زائد افراد خبروں کی تلاش کے لیے انٹرنیٹ کا سہارا لیتے ہیں۔
سعودی عرب میں یہ شرح 62 فیصد، متحدہ عرب امارات میں 74 فیصد اور مصر میں 68 فیصد ہے۔
گوگل کے شعبہ مارکیٹنگ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ خطے میں لوگ درست معلومات کے لیے گوگل انجن کا کس قدر استعمال کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’معلومات ہمارے مشن کا مرکز رہا ہے اور ہم اپنے سرچ انج کی مزید ترقی پر بھی کام کر رہے ہیں۔