Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نئے سفیر کون ہیں؟  

فیصل ترمذی اس سے پہلے بھی عرب امارات میں تعینات رہ چکے ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر فیصل ترمذی
حکومت پاکستان نے افضال محمود کی جگہ فیصل نیاز ترمذی کو متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان کا نیا سفیر تعینات کیا ہے جنہوں نے ذمہ داریاں سنبھال کر خدمات انجام دینا شروع کر دی ہیں۔  
پاکستان کے سفارت خانے کے مطابق فیصل نیاز ترمذی نے اپنی سفارتی اسناد اماراتی وزارت خارجہ میں قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری فار پروٹوکول افیئرز عبداللہ محمد البلوکی کو پیش کیں۔ 
فیصل نیاز ترمذی نے 90 کی دہائی کے اوائل میں وزارت خارجہ میں ملازمت شروع کی اور دفتر خارجہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں خدمات سرانجام دیں۔  
متحدہ عرب امارات میں اپنی تعیناتی سے قبل وہ ’ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اور امریکاز‘ تھے۔  
بیرون ملک پاکستانی مشنز میں ان کی دیگر سفارتی ذمہ داریوں میں اشک آباد، ترکمانستان (1996-1999)، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن، جنیوا، سوئٹزرلینڈ (2003-2007) اور متحدہ عرب امارات (2007-2010) شامل ہیں جہاں وہ مختلف عہدوں پر تعینات رہے ہیں۔
وزارت خارجہ میں اپنے دور میں انہوں نے کثیرالجہتی، دوطرفہ، قونصلر اور انتظامی امور کی ذمہ داریاں نبھائیں۔  
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی اس سے قبل جمہوریہ کرغزستان میں 2018-2019 کے دوران پاکستان کے سفیر اور شکاگو (2013-2018) میں پاکستان کے قونصل جنرل میں کے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 
وہ وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں ڈی جی کشمیر امور، ڈائریکٹر فارن سیکریٹری آفس، ڈائریکٹر پرسنل اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کے ساتھ انڈیا، افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے ڈیسک آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔ 
فیصل نیاز ترمذی نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم ایس گلوبل سٹذیز جبکہ یونیورسٹی آف لندن سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔ 

شیئر: