Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سائمن کو گھر بھیجیں،‘ نیوزی لینڈ کے کمنٹیٹر بابر اعظم مخالف بیان پر تنقید کی زد میں

سائمن ڈول نے پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تنقید کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سالوں بعد کرکٹ کی دنیا کی بڑی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آ رہی ہیں اور اس وقت بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں جاری ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ثابت ہوا تھا اور انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
اس تمام عرصے میں جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کی کمزوریوں اور شکستوں کی بات ہوتی رہی وہاں ملکی و غیر ملکی سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے پاکستان میں بنائی جانے والی ’ڈیڈ‘ (مردہ) پچز پر بھی تنقید کی جاتی رہی۔
ایسے ہی کچھ تنقیدی جملے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن تب سننے میں آئے جب نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول براہ راست کمنٹری کے دوران کراچی کے سٹیڈیم کی پچ کو ’روڈ‘ کہہ بیٹھے۔
پچز پر تنقید کے دوران انہوں نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام پر بھی تنقید کی۔
سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ ’ایسی پچز بنانے کی ہدایات کہاں سے آتی ہیں؟ کیا یہ بابر اعظم کی طرف سے آتی ہیں جو چاہتے ہیں کہ وہ روڈ پر بیٹنگ کریں اور اپنے بیٹنگ کے اعدادوشمار بہتر کر سکیں؟ یا یہ ہدایات ان کے اوپر والے دیتے ہیں؟‘
پاکستانی کرکٹ فینز کو سائمن ڈول کے جملے بالکل پسند نہیں آئے اور اب سوشل میڈیا پر نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کمنٹیٹر تنقید کی زد میں ہیں۔
عبداللہ نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’بابر ہمیشہ نیوزی لینڈ کا سامنا کرتے وقت بہترین نظر آتے ہیں۔‘
انہوں نے سائمن ڈول پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’سائمن ڈول کا ان کے خلاف ہیجان کا اظہار کرنا بالکل ٹھیک ہے۔‘
نمرا افضال نے کیوی کمنٹیٹر کے بیان کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’انگلینڈ کی چار سینچریوں اور ولیمسن کی ڈبل سینچری، کیا وہ بھی ہدایات تھیں؟‘
انہوں نے سائمن ڈول کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’توجہ حاصل کرنے کے لیے سستے بیانات دینا بند کریں۔ بابر اعظم نے تقریباً تمام میچز پاکستان سے باہر کھیلے ہیں اور ہمیشہ خود کو ثابت کیا ہے۔‘
عاصم امیر خان نے سائمن ڈول کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے پچز کو ’بالکل بے کار‘ قرار دیا لیکن ساتھ یہ بھی پوچھا کہ ’کیا سائمن ڈول نے تب بھی ایسا ہی کہا تھا جب ولیمسن نے پچھلے میچ میں 200 رنز بنائے تھے؟‘
پاکستان میں سپورٹس کی کوریج کرنے والے صحافی عبدالغفار نے ایک ٹویٹ میں سائمن ڈول کے پاکستانی کپتان پر جملوں پر مایوسی کا اظہار کیا اور ان کے عمل کو ’غیر پیشہ وارانہ‘ قرار دیا۔
عبدالغفار نے مزید لکھا کہ ’نجم سیٹھی کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور سائمن ڈول کو گھر بھیجنا چاہیے۔‘

بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف اس ٹیسٹ سیریز میں چار اننگز میں 226 رنز بنا چکے ہیں جس میں ان کی ایک سینچری بھی شامل ہے۔

شیئر: