سعودی ہسپتال میں مشرق وسطی کی سب سے کم عمر مریضہ کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ
سعودی ہسپتال میں مشرق وسطی کی سب سے کم عمر مریضہ کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ
پیر 9 جنوری 2023 5:23
ریاض میں 24 گھنٹے کے دوران دو بچوں کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیے گئے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کی پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری ٹیم نے ریاض میں 24 گھنٹے کے دوران دو بچیوں کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سرجریوں سے پہلے ٹرانسپلانٹ وصول کنندگان دو سعودی لڑکیاں جن میں ایک 8 ماہ سے کم عمر اماراتی بچی اور ایک 19 ماہ کی سعودی بچی دل کی خرابی کی وجہ سے تشویشناک حالت میں تھیں جس کی وجہ سے انہیں عارضی مصنوعی پمپ لگانے کی ضرورت تھی۔
دونوں بچیوں کو ٹرانسپلانٹ کے انتظار میں انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں بھی رکھا گیا تھا۔
ٹرانسپلانٹ کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد، جدید طبی انفراسٹرکچر، بین الاقوامی لاجسٹک سپورٹ اور تعاون کی ضرورت تھی۔
پہلی سرجری کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کی سرجیکل ٹیم نے ایک متوفی عطیہ دہندہ کے دل کو ہٹا کر لانے کے لیے دبئی کا سفر کیا۔
سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن، سعودی وزارت دفاع کی ایرومیڈیکل ایوکیویش ٹیم اور متحدہ عرب امارات کے نیشنل سینٹر فار ریگولیٹنگ ڈونیشن اینڈ ٹرانسپلانٹیشن آف ہیومن آرگنز اینڈ ٹشو نے دبئی اور ریاض کے درمیان سفر اور رسد کی سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کامیاب ٹرانسفر اور سرجری کے نتیجے میں 8 ماہ کا ٹرانسپلانٹ وصول کنندہ دل کی پیوند کاری سے گزرنے والا مشرق وسطیٰ کا سب سے کم عمر بچہ بن گیا ہے۔
دوسری سرجری کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کی ٹیم نے سعودی وزارت دفاع کی ایرومیڈیکل ایوکیویش ٹیم کے تعاون سے ایک متوفی عطیہ دہندہ کے دل کو نکالنے کے لیے مکہ مکرمہ کا سفر کیا جس کے بعد اسے 19 ماہ کی مریضہ میں منتقل کیا گیا اور اس کا ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔
ٹرانسپلاٹ کے بعد دونوں بچیوں کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کی انتہائی ماہر ٹیم کے ذریعے باقاعدہ طبی معائنے کے ذریعے ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر میں بچوں اور بڑوں کے لیے آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر مشرق وسطی میں سب سے بڑا مرکز ہے۔
مرکز کی کامیابیاں عالمی معیارات کے برابر ہیں اور 1988 میں اپنے قیام کے بعد سے مرکز نے کامیابی کے ساتھ 431 سے زیادہ ٹرانسپلاٹ کیے۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹرکی اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرنے کی بھرپور تاریخ ہے جس میں آنکولوجی، ٹرانسپلانٹیشن، قلبی امراض، نیورو سائنسز اور جینیات میں سرکردہ علاج شامل ہیں۔
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹرکا مشن ایک مربوط تعلیمی اور تحقیقی ترتیب میں اعلیٰ سطح کی خصوصی ہیلتھ کیئر فراہم کرنا ہے۔
عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کو یو کے اور امریکہ کے مراکز کے مقابلے پیڈیاٹرک (18 سال سے کم عمر کے مریضوں) کے جگر اور گردے کی پیوند کاری میں پہلے نمبر پر جب کہ گرافٹ سروائیول کی شرح کو امریکی اعضا کی پیوند کاری کے مراکز کے مقابلے میں برقرار رکھا ہے۔
نیوز ویک نے 2022 میں کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر کو دنیا بھر میں ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والے سرفہرست اداروں میں شمار کیا۔
سبق نیوز کے مطابق آپریشن سے قبل طبی عملے نے دل عطیہ کرنے والے رشتہ داروں سے منظوری حاصل کرکے تمام قانونی کارروائی بھی مکمل کی تھی۔
اماراتی بچی کا کیس مشرق وسطی کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ اب تک اس سے کمسن کسی بچی کے دل کی پیوند کاری نہیں کی گئی۔ اس سے قبل 11 ماہ کی غیم نامی بچی کے دل کی پیوند کاری 2021 میں ہوئی تھی۔