لیونارڈو ڈی کیپریو نے فلم ٹائی ٹینک سے کتنے پیسے کمائے؟
ٹائی ٹینک 12 سال تک ہالی وُڈ کی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم رہی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ہالی وُڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلم ’ٹائی ٹینک‘ اپنی ریلیز کے 26 سال بعد بھی دنیا بھر میں مشہور ہے۔
اس فلم نے جہاں ہالی وُڈ سمیت پوری دنیا کی فلموں کی تاریخ بدل دی وہیں اس میں نظر آنے والے اداکاروں نے بھی اپنے کیریئر کا عروج اسی فلم سے حاصل کیا۔
سنہ 1997 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے بارے میں درجنوں دلچسپ حقائق ہیں لیکن حالیہ دنوں میں ایک اور حقیقت سامنے آئی ہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے اس فلم سے اپنی مقررہ فیس کے مقابلے میں 16 گنا زیادہ پیسے کمائے تھے۔
ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق اس فلم کی ریلیز سے پہلے اس کے بلاک بسٹر ہونے کی امید نہیں کی جا رہی تھی جس کے باعث لیونارڈو ڈی کیپریو کو اس میں کام کرنے کا معاوضہ اس وقت 25 لاکھ ڈالر دیا گیا تھا۔
تاہم لیونارڈو ڈی کیپریو سے یہ معاملات بھی طے کیے گئے تھے کہ اگر فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی تو انہیں اس کے حساب سے مزید پیسے دیے جائیں گے۔
اس کے بعد ہوا کچھ یوں کہ جیمز کیمرون کی اس فلم نے باکس آفس پر تاریخی کاروبار کیا اور دنیا بھر سے ٹائی ٹینک نے 2 ارب ڈالر کما لیے۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد لیونارڈو ڈی کیپریو کی قسمت ہی بدل گئی اور انہیں اس بڑی رقم میں سے 4 کروڑ ڈالر دیے گئے جو کہ ان کی پہلی مقررہ فیس سے 16 گنا زیادہ تھے۔
لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیٹ ونسلیٹ کی یہ تاریخی فلم 12 سال کے عرصے تک ہالی وُڈ کی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم رہی، تاہم 2009 میں جیمز کیمرون ہی کی فلم ’اویٹار‘ نے اس کا ریکارڈ توڑ دیا۔