خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری منگل کو بھیجنے کا فیصلہ
اتوار 15 جنوری 2023 17:44
عمران خان اور پرویز الٰہی نے مشاورت کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے لیے تین نام تجویز کیے ہیں (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے وزیراعلٰی محمود خان منگل کے روز سمری گورنر کو بھیجیں گے۔
وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ’صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری منگل کے روز گورنر کو بھیجی جائے گی۔‘
اتوار کو ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔‘
اتوار کو ہی زمان پارک لاہور میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی کابینہ کا اجلاس بھی ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی صدر پرویز خٹک بھی شریک ہوئے۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے عمران خان کو بتایا کہ ’منگل کے روز صوبائی سمبلی توڑنے کی سمری گورنر کو بھیج دی جائے گی۔‘
اس موقعے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی صدر پرویز خٹک اور کابینہ ارکان کو الیکشن کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ وزیراعلٰی پرویز الٰہی کی ایڈوائس پر پنجاب اسمبلی سنیچر کے روز تحلیل بھی ہو چکی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور قائم مقام وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی نے مشاورت کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے لیے تین نام تجویز کیے ہیں۔
ان میں پہلا نام احمد نواز سکھیرا کا ہے۔ دوسرا نصیر خان اور تیسرا نام سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ کا ہے۔ یہ تینوں نام گورنر کو بھیجے جائیں گے۔