’جموں کی دھڑکن‘ انسٹاگرام سٹار سمرن سنگھ کمرے میں مردہ پائی گئیں
سمرن سنگھ جموں میں ریڈیو سٹیشن پر آر جے کے طور پر کام کرتی تھیں۔ (فوٹو: گوگل)
سابق ریڈیو جوکی (آر جے) اور انسٹاگرام انفلوینسر سمرن سنگھ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 26 سال کی انسٹاگرام سٹار سمرن سنگھ بدھ کو گرگاؤں کے سیکٹر 46 کے کرائے کے فلیٹ میں پنکھے کے ساتھ لٹکی پائی گئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسیں۔
سمرن سنگھ کا آبائی تعلق جموں سے تھا جس کی وجہ سے انہیں ’جموں کی دھڑکن‘ کہا جاتا تھا۔
سمرن سنگھ انسٹاگرام پر سات لاکھ سے زیادہ فالوورز رکھتی تھیں۔
مبینہ طور پر انسٹاگرام سٹار نے بدھ کی صبح سے ہی خود کو کمرے میں قید کر رکھا تھا۔
گرگاؤں صدر پولیس سٹیشن کے انسپکٹر سنیل کمار نے بتایا کہ سمرن سنگھ کے ساتھ فلیٹ میں رہنے والے ساتھیوں نے انہیں کالز، میسجز کیے اور اُن کے کمرے کے دروازے پر کئی مرتبہ دستک دی گئی جس کا جواب نہ آنے پر اُن کے کمرے کا دروازہ توڑنا پڑا۔
انسپکٹر سنیل کمار کہتے ہیں کہ ’سمرن کے ساتھیوں نے اسے چھت والے پنکھے کے ساتھ لٹکے دیکھا جس کے بعد انہیں نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں رات ساڑھے دس بجے ان کی موت واقع ہوگئی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ انسٹاگرام سٹار کی موت کی خبر پولیس کو ہسپتال کی جانب سے ملی جس کے بعد سمرن سنگھ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور پھر لاش اہلخانہ کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس کے ہمراہ فرانزک ماہرین کی ٹیم نے سمرن کے کمرے کا جائزہ لیا تاہم انہیں خودکشی کے حوالے سے کوئی پیغام نہ مل سکا۔
سمرن سنگھ جموں میں ریڈیو سٹیشن پر آر جے کے طور پر کام کرتی تھیں تاہم 2021 میں وہ گرگاؤں آئیں جہاں انہیں نے کامیاب سوشل میڈیا انفلوینسر کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔
انہوں نے 13 دسمبر کو کسٹمر رینٹل ایجنسی کی تشہیر کے لیے پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’وہ ایسی لڑکی ہیں جس کی ہنسی لامحدود ہے۔‘
سمرن سنگھ کی موت کی خبر پر انڈیا کے زیر انتظام جموں اور کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر بڑی سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔