Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کو سستے انشورنس پیکیج میں کیا سہولتیں ملیں گی؟

زائرین کو مکمل انشورنس پیکیج کے لیے صرف 87.4 ریال ادا کرنا ہوں گے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے مکمل عمرہ انشورنس پیکیج کی قیمت میں کمی اچھا اقدام ہے۔ اس کی قیمت 235.57 ریال تھی جو کم کرکے 87.4 ریال  کی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ ’بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کو مکمل انشورنس پیکیج کے لیے صرف 87.4 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ زائرین کو انشورنس پیکیج مملکت آمد سے قبل ویزا کارروائی کے ذریعے حاصل کرنا ہوگا۔ 
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’عمرہ زائر کو مکمل انشورنس پیکیج کے تحت ہر طرح کے ہنگامی حالات کی کوریج  شامل ہو گی مثلاً طبی معائنہ، ادویہ، ہسپتال میں علاج اور کھانا پینا نیز ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے کی صورت میں سہولتیں، ڈائلاسز کیس، حمل اور ولادت کی ہنگامی صورتحال، دانتوں کے ہنگامی علاج اور اندرون و بیرون مملکت فضائی ایمبولینس کی سہولت۔‘
’قدرتی آفات کے باعث موت اور حادثاتی طور پر مکمل معذوری کی کوریج بھی انشورنس پیکیج کا حصہ ہو گی۔ متوفی کی میت کی وطن واپسی، حادثاتی موت اور عدالتی فیصلے پر دیت کی رقم کی ادائیگی بھی انشورنس پیکیج کے تحت کی جائے گی۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’عمرہ زائر کے مکمل انشورنس پیکیج میں سفری مسائل کی کوریج کو شامل کیا گیا ہے۔ مثلاً  پرواز میں تاخیر، پرواز کی منسوخی پر معاوضہ وغیرہ دیا جائے گا۔‘
’انشورنس کرانے والے کو یہ تمام سہولتیں عمرہ انشورنس پیکیج کے تحت دی جائیں گی اور ایک لاکھ ریال تک کے دائرے میں معاوضے ادا کیے جائیں گے۔‘

شیئر: