جدہ کا کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کارکردگی کے حوالے سے سرفہرست
سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 15 ملین سے زیادہ ہے (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ’ جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دسمبر 2022 کے دوران کارکردگی کے حوالے سے مملکت کے تمام ایئرپورٹس میں سرفہرست رہا ہے‘۔
اخبار24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ’ ایئرپورٹس کی کارکردگی کا شفاف تجزیہ کرکےدرجہ بندی کی گئی ہے‘۔
تمام ائیرپورٹس کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ شروعات ایسے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے کی گئی جن سے سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 15 ملین سے زیادہ ہے۔
کارکردگی کے حوالے سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سرفہرست رہا۔ مطلوبہ امور کی پابندی 82 فیصد رہی۔ 64 فیصد پابندی کے لحاظ سے ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پرہے۔
مجکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ’ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جو سعودی عرب کے بین الاقوامی ایئرپورٹس میں دوسرے زمرے میں شامل ہے 91 فیصد پابندی کے حوالے سے پہلے اور مدینہ منورہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا۔‘
ان دونوں ائیر پورٹس پر سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 5 سے 15 ملین کے درمیان رہتی ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ’ سعودی عرب کے جو ایئرپورٹس تیسرے زمرے میں آتے ہیں وہاں سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 2 سے 5 ملین ہے۔‘
اس زمرے میں ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سو فیصد پابندی کے لحاظ سے پہلے اور کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز جیزان ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا۔
چوتھے زمرے کے ایئرپورٹ جہاں سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 20 لاکھ سے کم رہتی ہے۔ الجوف ایئرپورٹ سو فیصد پابندی کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔
پانچویں زمرے میں داخلی ایئرپورٹس آتے ہیں ان میں بیشہ ایئرپورٹ سو فیصد پابندی کے لحاظ سے سرفہرست رہا ہے۔