Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فورسز پر حملہ، ’امید ہے ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا‘

پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں چار اہلکار جان سے گئے تھی۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے حملے کے لیے ایران کی سرزمین استعمال کی، امید کرتے ہیں ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔
جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران میں سرحد پار سے ہونے والے دہشت گرد حملے کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کے ساتھ ملحقہ سرحد پر ایرانی سرزمین سے سکیورٹی فورسز پر حملے میں چار اہلکار جان سے گئے تھے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ’چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین سے معمول کی پیٹرولنگ پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔‘ 
بیان کے مطابق ’ایران سے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔‘
ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’پاکستان اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاک سعودی سپریم کونسل معاشی معامالات پر بات چیت کرتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں جو مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے انڈیا سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی واضح ہے، انڈیا سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا ایسا ماحول پیدا کرے جس سے واضح ہو کہ وہ دہشتگردی میں ملوث نہیں ہے۔

شیئر: