شعیب اختر ’ہم کس انتظار میں تھے اور آپ نے کیا اعلان کر دیا‘
شعیب اختر ’ہم کس انتظار میں تھے اور آپ نے کیا اعلان کر دیا‘
اتوار 22 جنوری 2023 13:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شعیب اختر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز کیا جانا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)
سابق پاکستانی کرکٹر شعیب اختر کچھ عرصہ قبل تک اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی پرموشن کے لیے ہر طریقہ اپنائے ہوئے تھے لیکن اب انہوں نے اچانک منصوبے سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
شعیب اختر نے اس منصوبے کو کسی ’پاکستانی کھلاڑی کی زندگی سے متعلق پہلا انٹرنیشنل پراجیکٹ‘ قرار دے کر متعدد مرتبہ تشہیری اعلانات کیے تھے۔
اب اچانک شعیب اختر نے فلم کے منصوبے سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تو بہت سے افراد نے جہاں اس پر حیرت کا اظہار کیا وہیں کئی یہ پوچھتے پائے گئے کہ ایسا کیوں کیا گیا ہے۔
خلاف توقع اعلان پر حیران صارفین نے شکوہ کیا کہ ’ہم کس اعلان کے انتظار میں تھے اور آپ نے کیا اعلان کر دیا۔‘
انڈین ٹوئٹر صارف نونیت جھا نے لکھا کہ ’آپ کی راولپنڈی ایکسپریس پاکستان سے زیادہ انڈیا میں ہٹ ہو سکتی ہے۔‘
پاکستانی ٹویپ ندا نے تبصرے میں لکھا کہ ’مجھے علم ہوا کہ آپ فلم میں کام کر رہے ہیں اگلے ہی سیکنڈ میں جانا کہ آپ ایسا نہیں کریں گے۔ آپ کی زندگی ہے، انتخاب بھی آپ ہی کا ہے۔ آپ ایک سٹار ہیں اور ہمیشہ کسی بھی پلیٹ فارم پر جگمگاتے رہیں گے۔‘
سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک تفصیلی پوسٹ میں منصوبے سے علیحدگی کی وجوہات بیان کی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں مہینوں تک بغور جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا اور اب دکھ کی کیفیت میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ فلم راولپنڈی ایکسپریس سے علیحدگی اختیار کر رہا ہوں۔‘
’اپنی انتظامیہ اور قانونی ٹیم کے ذریعے فلم بنانے والوں سے بھی معاہدہ بھی ختم کر رہا ہوں۔ ‘
شعیب اختر کے پیغام کے ابتدائی نصف حصے میں علیحدگی کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی گئی تاہم آگے چل کر انہوں نے لکھا کہ ’یقینا یہ میرے لیے اہم منصوبہ تھا۔ اسی لیے کسی ایسے انجام سے بچنے اور ساتھ رہنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن بدقسمتی سے معاملات ٹھیک نہ تھے ۔ اختلافات کو حل نہ کرسکنے، معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی نے ہمیں یہاں پہنچایا کہ ان سے تعلق ختم کر لیں۔‘
سابق پاکستانی کرکٹر کے مطابق اس تناظر میں انہوں نے ’اپنی زندگی کی کہانی سے متعلق حقوق کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد منصوبہ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔‘
فلم بنانے والوں کا نام لیے بغیر انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر ’میرا نام یا زندگی کے واقعات کو کسی بھی طرح استعمال کیا گیا تو متعدد قانونی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔‘
شعیب اختر کی زندگی پر مبنی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے ڈائریکٹر فراز قیصر ہیں۔ اسے قیصر نواز نے تحریر کیا ہے کہ جب اداکار عمیر جسوال اور مرحوم احمد بلال اس میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ وہ رواں برس نومبر میں فلم کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز کریں گے تاہم حالیہ پیشرفت کے بعد ابھی تک یہ واضح نہیں کہ منصوبے کا مستقبل کیا ہو گا۔
شعیب اختر نے گزشتہ برس جولائی کے مہینے میں پہلی مرتبہ اپنی زندگی پر بنائی جانے والی فلم سے متعلق اعلان میں اس کی تفصیل شیئر کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شعیب اختر اپنی جارحانہ تیزرفتار بولنگ اور 161 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی تیز ترین گیند کی وجہ سے کرکٹ کی دنیا میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔