Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضمنی الیکشن: عمران خان قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر امیدوار ہوں گے؟

اس سے قبل ضمنی انتخابات میں عمران خان آٹھ نشستوں پرالیکشن لڑ چکے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں انتخابی عمل کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن نے جمعے کو قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی 33 نشستوں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع کے حلقے شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس تین مارچ کو جاری ہو گا جب کہ الیکشن 16 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔
انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار چھ فروری سے آٹھ فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کے ناموں کی اشاعت نو فروری کو جب کہ سکروٹنی کی آخری تاریخ 13 فروری ہو گی۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی آخری تاریخ 16 فروری جب کہ ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلوں کی آخری تاریخ 20 فروری مقرر کی گئی ہے۔
امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری اور انتخابی نشان الاٹ کرنے کی تاریخ 23 فروری مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان کے بعد اگرچہ تحریک انصاف کی جانب سے فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم اس سے قبل سپیکر کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے بعد پی ٹی آئی رہنما یہ کہہ چکے ہیں کہ ان تمام حلقوں پر عمران خان ہی امیدوار ہوں گے۔

17 جنوری کو ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ ’تحریک انصاف تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور عمران خان ان 33 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔‘
اس سے قبل بھی ضمنی انتخابات میں عمران خان آٹھ نشستوں پر الیکشن لڑ چکے ہیں۔ انہوں نے سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جب کہ کراچی کی ایک نشست پر انہیں شکست ہوئی تھی۔

شیئر: