خیبرپختونخوا میں بیوروکریٹ کے دفتر کے باہر لگے نوٹس کی تصویر وائرل
جمعہ 27 جنوری 2023 17:42
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’نوجوان بیوروکریٹ کے دفتر کے باہر لگے نوٹس‘ پر ان کی ستائش کی گئی ہے (فوٹو: فیس بک، جنید خان)
سرکاری دفتر کے بھاری بھرکم دروازے کے باہر کھڑے اردلی کی زبانی ’صاحب میٹنگ میں ہیں‘، ’صاحب مصروف ہیں‘ یا ’صاحب کا موڈ ٹھیک نہیں‘ کے الفاظ سننے کے عادی کان کچھ اور سن لیں تو یہ درست طور پر مقام حیرت بنتا ہے۔
کچھ ایسا ہی معاملہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک بیوروکریٹ کے سرکاری دفتر کے باہر لگے نوٹس کے ساتھ ہوا تو دفتر اور صاحب دفتر دونوں کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔
فیس بک اور ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصاویر میں نمایاں ہے کہ ایک دفتر کے باہر لگی تختی پر ’وزیراعلٰی کے سپیشل سیکریٹری‘ کا عہدہ اور دوسری جانب دروازے پر نوٹس لگا ہے۔
عادل سعید صافی کی نیم پلیٹ کے قریب لگے ہوئے نوٹس پر لکھا گیا ہے کہ ’اندر آنے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔‘
اپنی نوعیت کی اس منفرد دعوت کو دیکھنے والوں نے خوشی کا اظہار کیا تو سوشل میڈیا صارفین نے عادل سعید صافی اور ’ان کے دفتر‘ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اس پر سراہا بھی۔
رضوان احمد غلزئی نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کو ایسا جذبہ رکھنے والے بیوروکریٹس کی ضرورت ہے۔‘
عادل سعید صافی اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے دفتر میں ’ڈپٹی سیکریٹری ٹو پی ایم‘ کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہیں خیبرپختونخوا میں متعدد پالیسی سطح کی جدتوں کا معمار اور گذشتہ دور حکومت میں متعارف کرائے گئے پاکستان سٹیزن پورٹل کا کریڈٹ بھی دیا جاتا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عادل سعید صافی نے کہا کہ ’دفتر کے باہر لگی یہ تصویر پہلی مرتبہ کی نہیں۔ ماضی کے دفاتر اور میرے موجودہ دفتر (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یونٹ) کے باہر بھی یہ نوٹس آویزاں رہتا ہے۔‘
ایسا کیوں کرتے ہیں؟ کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میری ملازمت، میری تنخواہ، مجھے دستیاب سہولیات سب کی سب عوامی ٹیکسوں کی رقم سے مہیا ہوتی ہیں، ایسے میں اگر میں یہ نہ کروں تو یہ بددیانتی ہو گی۔‘
بیوروکریسی کے تاثر سے برعکس عمل کرنے کا خیال کیسے آیا کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’اس کی کوئی خاص وجہ نہیں بلکہ میری والدہ کی دعا اور احساس ذمہ داری ہی ہے جس وجہ سے یہ بات میرے ذہن میں آئی اور میرے عمل کا حصہ بنی۔‘