شام میں اسلحے سے بھرے ٹرکوں پر فضائی حملہ، سات ہلاک
عراق و شام کے سرحدی علاقے سے ایران کے حامی گروپ نقل و حرکت کرتے رہتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
عراق سے شام میں اسلحہ لے کر داخل ہونے والے ٹرکوں کے قافلے پر فضائی حملے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے تنظیم ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’مارے جانے والوں ساتوں افراد ٹرکوں کے ڈرائیور اور اُن کے معاون تھے جو شام کے شہری نہیں۔‘
تنظیم کے مطابق ’ایرانی حمایت یافتہ گروپ کے ٹرکوں کے قافلے کو رات کے وقت فضا سے نامعلوم جنگی طیارے سے نشانہ بنایا گیا۔‘
سیرین آبزرویٹری کے چیف رامی عبدالرحمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ فضائی حملہ مشرقی شام کے سرحدی علاقے البو کمال میں کیا گیا جس میں ایرانی اسلحے سے بھرے چھ ٹرک تباہ ہو گئے۔
تہران کی حکومت دمشق میں بشار الاسد کی حکومت کو خانہ جنگی کے دوران تعاون کرتی رہی ہے جس میں اسلحے کی فراہمی بھی شامل ہے۔
تنظیم کے مطابق رواں ہفتے ایرانی اسلحہ لے کر ٹرکوں کے دو قافلے عراق سے شام میں داخل ہوئے اور ایران کے حامی گروپ کے علاقے المایادین میں پہنچے۔
لبنان کی طاقتور حزب اللہ سمیت عراق و شام کے سرحدی علاقے میں ایران کے حامی گروپ منظم ہیں۔
اس علاقے میں پہلے بھی اسرائیل اور امریکہ اہداف کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
گزشتہ سال نومبر میں بھی اس علاقے میں ایران کے حامی گروپ کے ’تیل کے ٹینکرز اور اسلحے سے بھرے ٹرکوں‘ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 14 افراد مارے گئے تھے تاہم عراق کے سرحدی گارڈز کے ایک عہدیدار نے اموات کی تردید کی تھی۔
اس علاقے میں امریکی حمایت یافتہ مسلح گروپ داعش کے خلاف بھی سرگرم ہے۔