Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کی سکیورٹی سخت، 25 مقامات پر عارضی چیک پوسٹیں قائم

سیکٹر آئی ٹین فور میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 25 مختلف مقامات پر عارضی چیک پوسٹیں قائم کر لی ہیں۔
منگل کو اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ریڈ زون کے داخلی راستوں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں سے کی جائے گی۔
بیان مزید کہا گیا ہے کہ میٹرو سروس کے مسافروں کی بھی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔
’پاکستانی اور غیرملکی شہری شناختی دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔‘
اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ’غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور غیر رجسٹرڈ شدہ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
جمعے کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں ایک خودکش دھماکے کے بعد شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔
اس خودکش دھماکے کے بعد اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے اپنے سفارتی عملے کو ہدایت جاری کی تھی کہ میریٹ ہوٹل اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ نامعلوم افراد امریکی شہریوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
سکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد میں ریڈ الرٹ ہے، جس کے بعد تمام سفارتی عملے کو اسلام آباد میں چھٹیوں کے دوران غیر ضروری اور نجی سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔‘
سعودی سفارتخانے نے بھی اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کے بعد سعودی شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
سفارتخانے نے مقیم سعودی شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی کہ ’وہ انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں۔ باہرنکلتے وقت تمام ضروری احتیاطی تدابیرکا خیال رکھا جائے۔‘

شیئر: