Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم نے 7 فروری کو اے پی سی بُلا لی، عمران خان کو بھی دعوت

شہباز شریف نے اے پی سی میں عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اہم قومی امور پر سیاسی قیادت کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے 7 فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) بُلا لی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کی رات کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’ملک کے تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔‘
’وزیراعظم نے اے پی سی میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔‘
اس حوالے سے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطے کیے ہیں۔
انہوں نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
ایاز صادق نے وزیراعظم کی جانب سے جمعے کو پشاور میں ہونے والے ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اپنی پارٹی کے نامزد کردہ دو نمائندوں کے نام دینے کی درخواست بھی کی۔
اعلامیے کے مطابق ’گورنر ہاؤس پشاور میں ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلٰی افسران شریک ہوں گے۔‘
اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔

حکومت نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کے ذریعے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)

اس کے علاوہ ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی آپ گریڈیشن کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
تحریک انصاف نے حکومتی دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کر دی 
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ایاز صادق کے ذریعے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت کی تصدیق کر دی۔ 
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے اے پی سی اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ہم سے رابطہ کیا ہے۔‘
’حکومت کی طرف سے دعوت پر سینیئر قیادت سے مشاورت کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد حکومت کو فیصلے سے آگاہ کریں گے۔‘
اس حوالے سے پی ٹی آئی خیبر پختوںخوا کے صدر پرویز ختک کا کہنا ہے کہ ’اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔‘

شیئر: