سعودی ایجنسی کے تحت یمن میں گھریلو مصنوعات کی مارکیٹنگ نمائش
سعودی ایجنسی کے تحت یمن میں گھریلو مصنوعات کی مارکیٹنگ نمائش
ہفتہ 4 فروری 2023 21:45
نمائش میں پیسٹری بنانا، سلائی، کڑھائی اور ہیئر ڈریسنگ کی مصنوعات شامل تھیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے لحج گورنریٹ میں گھریلو مصنوعات کی مارکیٹنگ نمائش کا افتتاح کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نمائش کا مقصد ان نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے جو اپنے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے کام کو نمائش میں ڈسپلے کر سکیں۔
نمائش میں پیسٹری بنانا، سلائی، کڑھائی اور ہیئر ڈریسنگ کی مصنوعات شامل تھیں۔
یمن کی وزارت سماجی امور اور لیبر کے ڈائریکٹر نے مارکیٹنگ نمائش میں پیش کردہ تربیتی کورس کی کوششوں اور نتائج کی تعریف کی۔
ایس پی اے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی برانچ کے ڈائریکٹر صالح الذیبانی نے کہا کہ ’ یہ منصوبہ مستحقین کی زندگی کو بہتر بنانے، انہیں معاشی طور پر بااختیار اور انہیں روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرنے میں مدد کرے گا‘۔
حالیہ انیشیٹو 2022 میں شروع کیے گئے متعدد امدادی پروگراموں میں شامل ہے جس کا مقصد نوجوان مرد اور خواتین کی مہارتوں کو فروغ دینا ہے تاکہ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد کی جا سکے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔