مملکت کے مختلف ریسرچ سینٹر کے عہدیداروں سے ملاقات اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط ، دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کےلئے بہتر اقدامات کئے جائینگے، صدر سی پی ایس جی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سینٹر فار پاکستان اینڈ گلف اسٹڈیز کے 3 رکنی وفد نے سی پی ایس جی کی صدر اورپاکستانی ایوان بالا میں پاک ، سعودی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر سینیٹر سحر کامران کی سربراہی میں سعودی عرب کا دورہ کیا ۔ وفد میں رئیر ایڈمرل ( ر) مختار خان جدون اور عرفان وقار شامل تھے ۔ وفد نے پاک سعودی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے معروف سعودی تھنک ٹینکس سے تبادلہ خیال کیا جس میں اہم امور زیر بحث آئے ۔ سینیٹر سحرکامران نے اردو نیوز کو بتایا کہ وفد کے ارکان نے سینٹر فار ریسرچ اینڈ انٹراکمیونیکشن نالج ، شاہ عبدالعزیز قومی ڈائیلاگ سینٹر اور شاہ فیصل ریسرچ سینٹر کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف اہم امورزیر بحث آئے ۔ وفد کے ارکان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی بہتر حکمت عملی وضع کی جائے۔دوطرفہ وفود میں اس امرپر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین تحقیق اور آراءکا تبادلہ کیاجائے تاکہ خطے کی تبدیل ہوتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع البنیاد اور ٹھوس موضوعات پر جامع انداز میں کام کیا جاسکے ۔سینیٹر سحر کامران نے سینٹر فار ریسرچ اینڈ انٹراکمیونیکشن نالج ( CRIK) کے چئیر مین ڈاکٹر یحی بن جنید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک ، سعودی تعلقات کے فروغ کےلئے جو بروقت اقدامات کئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں ۔وقت کی بھی ضرورت ہے کہ دونوں برادر ممالک کے مابین عوامی سطح پر بھی روابط کو مزید مستحکم کیاجائے۔سینیٹر سحر کامران نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ متحدہ امت کے فروغ کی پالیسی پر عمل کیا ہے ۔ 1973 کے آئین پاکستان میں بھی اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم کیا جائے ۔ دوطرفہ آراءکے تبادلے کے حوالے سے سینیٹر سحرکا کہنا تھا کہ خیالات و افکار کے تبادلے سے مسائل کے بہتر حل سامنے آتے ہیں جو وقت کی ضرورت ہیں ۔ سی پی ایس جی اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ انٹراکمیونکیشن نالج کی جانب سے مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے جن میں پاک ، سعودی تعلقات کے فروغ کے علاوہ دیگر امور شامل تھے ۔ مفاہمتی یادداشتوں میں دوطرفہ وفو د اور مختلف موضوعات پرکی جانے والی تحقیق کے تبادلو ںپر بھی اتفاق کیا گیا ۔ سی پی ایس جی کی جانب سے جدہ میں وفد کے اعزاز میں عشائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی ۔