Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شناخت چرانے کے لیے امریکی ہم شکل کے قتل کی کوشش، روسی خاتون مجرم قرار

مجرم خاتون کو اگلے ماہ 21 تاریخ کو سزا سنائی جائے گی جو 25 برس قید ہو سکتی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں ایک عدالت نے روسی نژاد خاتون کو اپنی ہم شکل امریکی شہری کو قتل کرنے کی کوشش اور اُس کی شناخت چرانے کا مجرم قرار دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روسی خاتون نے امریکی ہم شکل کو زہر بھرے چیز کیک کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
نیو یارک میں ڈسٹرکٹ اٹارنی نے جیوری کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 47 برس کی وکٹوریا ناسرووا کو قتل کی کوشش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔
مجرم قرار دی گئی خاتون اگست 2016 میں متاثرہ 35 سالہ خاتون کے لیے چیز کیک کا تحفہ خرید کر اُن کے گھر گئی تھیں۔
عدالتی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ اُس وقت دونوں خواتین میں بہت زیادہ مشابہت تھی۔ اُن کے سیاہ بال، ایک جیسی رنگت، خدو خال، قد کاٹھ برابر تھی اور دونوں روسی زبان بول رہی تھیں۔
کیک کھانے کے بعد امریکی شہری بیماری کا شکار ہوئیں۔
پراسیکیوٹر کے مطابق متاثرہ خاتون کو اگلے دن اُن کے ایک دوست نے بے ہوش پایا۔ اُن کے گرد خواب آور گولیاں اس طرح بکھری پڑی تھیں جن سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ انہوں نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔
ہسپتال سے گھر واپس آنے پر متاثرہ خاتون کو معلوم ہوا کہ اُن کا پاسپورٹ، ملازمت کا کارڈ، جیولری اور دیگر قیمتی اشیا غائب ہیں۔
ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے محکموں کے اہلکاروں نے کیک کو چکھنے کے بعد تجزیے کے لیے بھیجا تو اُس میں زہریلا مواد پایا گیا۔
وکٹوریا ناسرووا امریکی شہر بروکلن میں رہائش پذیر ہیں۔ اُن کو مجرمانہ حملے، غیرقانونی حراست اور چوری کا بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔
اُن کو اگلے ماہ 21 تاریخ کو سزا سنائی جائے گی جو زیادہ سے زیادہ 25 برس قید ہو سکتی ہے۔

شیئر: