Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریف والے قرآن کے 63ہزار نسخے مسجد نبوی کے صحنوں میں پھیلانے کی کوشش ناکام

  مدینہ منورہ ..... مدینہ منورہ میونسپلٹی نے تحریف والے قرآن کے نسخے مسجد نبوی شریف کے صحنوں میں پھیلانے کی کوشش ناکام بنادی۔ الحرم بلدیہ کے چیئرمین رمضان الزہرانی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ گشتی دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے والے دستے نے تحریف شدہ قرآن پاک کے 721نسخے ضبط کئے۔ ان پر اشاعتی اداروں کے نام تحریر نہیں تھے۔ نامعلوم ذرائع سے قرآن پاک کے مذکورہ نسخے مدینہ منورہ میں پھیلانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ الزہرانی نے مزید بتایا کہ نامعلوم عناصر اس سے قبل 63ہزار سے زیادہ نسخے تقسیم کرچکے تھے۔انہیں بھی ضبط کرلیا گیا او رضبط شدہ نسخے متعلقہ اداروں کے حوالے کردیئے گئے۔ یہ نسخے صحنوں میں گھوم پھر کر فروخت کرنے والوں کے قبضے سے برآمد ہوئے۔ تحریف شدہ نسخے فروخت کرنے والوں کے خلاف مقررہ کارروائی کردی گئی۔ یاد رہے کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں قرآن پاک میں تحریف کرکے غیر مستند نسخے پھیلانے کی کوششیں وقتاً فوقتاً ہوتی رہتی ہیں البتہ آج کی تاریخ تک ایسی ہر کوشش ناکام بنادی گئی۔ اللہ رب العزت نے قیامت تک مستند قرآن کی حفاظت کا وعدہ کررکھا ہے۔ جب جب تحریف شدہ قرآن کے نسخے پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے تب تب رب العالمین کے فضل و کرم سے ایسی ہر کوشش ناکام بنادی جاتی ہے۔

شیئر: