راکھی ساونت کے شوہر پر جنسی زیادتی کا الزام، مقدمہ درج
اتوار 12 فروری 2023 21:33
جنوری میں راکھی ساونت نے عادل درانی سے شادی کی تھی۔ (فوٹو: راکھی ساونت انسٹاگرام)
انڈین اداکارہ اور ٹی وی سٹار راکھی ساونت کے شوہر عادل درانی پر ایک ایرانی خاتون کے ساتھ زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 30 سالہ ایرانی خاتون کی جانب سے میسور پولیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’وہ 2018 میں فارمیسی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے انڈیا آئیں جہاں ان کی عادل سے دوستی ہوگئی جو اس وقت وی وی پورم نامی علاقے میں ریستوران چلا رہے تھے۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ’جب دونوں کے درمیان دوستی بڑھنے لگی تو عادل درانی نے انہیں کہا کہ وہ ان سے شادی کریں گے۔‘
درخواست گزار خاتون نے مزید کہا کہ ’وہ اور عادل تین سال ایک فلیٹ میں مقیم رہے لیکن پانچ ماہ قبل جب عادل سے شادی کا کہا تو انہوں نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔‘
خاتون نے مزید انکشاف کیا کہ عادل درانی نے انہیں دھمکی دی کہ اگر شادی کے لیے مزید دباؤ ڈالا تو وہ ان کی ذاتی تصاویر کو نہ صرف سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیں گے بلکہ انہیں ایران بھی بھیج دیں گے۔
تاہم 31 اگست کو عادل نے موبائل سے تصاویر ڈیلیٹ کر دیں اور جب خاتون نے پولیس کو اطلاع دی تو انہیں ایک مرتبہ پھر سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگے۔
پولیس افسر اشوتھ نارائن کا کہنا ہے کہ ’ایرانی خاتون نے 10 فروری کو پولیس سٹیشن میں عادل درانی کے خلاف شکایت درج کروائی۔ ہم نے ان کے خلاف ریپ، دھوکہ دہی، اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے جرم کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔‘
پولیس افسر نے یہ بھی بتایا کہ ملزم اس وقت ممبئی میں اپنی اہلیہ راکھی ساونت کے ساتھ دھوکہ دہی کے کیس میں عدالتی تحویل میں ہے۔
اس سے قبل منگل کو راکھی ساونت نے اپنے شوہر عادل درانی پر تشدد اور اُن کی اجازت کے بغیر ان کے فلیٹ سے پیسے اور زیورات لینے کا الزام لگایا تھا۔
خیال رہے 12 جنوری کو راکھی ساونت نے کاروباری شخصیت عادل خان درانی کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا۔