ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپیشل جج سینٹرل کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا ہے۔
اس کیس میں عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آج ساڑھے تین بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سماعت کے دوران کہا کہ ’17اکتوبر کو عبوری ضمانت حاصل کی گئی، وزیر آباد کا واقعہ 3 نومبر کو ہوا۔ واقعہ کے بعد چھ بار اور واقعے سے پہلے دو بار استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔‘
مزید پڑھیں
-
توشہ خانہ کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورNode ID: 741116
-
اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ابھی تک مثبت اشارہ نہیں ملا: عمران خانNode ID: 741231
جسٹس محسن اختر کیانی کا مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ ’ستر سال کو آپ ایڈونس ایج کہتے ہیں آپ؟‘ وکیل نے کہا کہ ’جی سر اس عمر میں زخم بھرنے میں وقت لگتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی عدالتوں کے روبرو پیش ہونے سے نہیں ہچکچائے۔ اب میڈیکل گراؤنڈز سب کے سامنے ہیں اور حقائق پر مبنی ہیں۔
بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کر رہی ہیں۔
عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کیس میں آج بدھ تک عبوری ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ریمارکس دیے تھے کہ عمران خان آج بھی پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کر دی جائے گی۔
تاہم عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔
اس سے قبل عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست مسترد کی تھی۔
دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی، شبلی فراز اور فیصل جاوید سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے بینکنگ کورٹ کے عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کے حکم کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس کی سماعت جاری ہے۔
’میری عدالت ہے جیسے میں چلاؤں گی ویسے چلے گی‘
بینکنگ کورٹ میں سماعت سے قبل عدالتی عملے نے سکیورٹی صورتحال کے باعث بینکنگ کورٹ خالی کرنے کی ہدایت کی۔
عدالتی اہلکار نے کہا کہ ’جج صاحبہ کی ہدایت ہے کہ ایک ایک کر کے وکیل عدالت میں پیش ہوں۔‘
بیکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے سماعت شروع کرنے سے قبل کہا کہ ’میں کورٹ میں رش نہیں چاہتی، ایک پٹیشنر اور ایک وکیل کمرہ عدالت میں موجود رہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ’آپ لوگ رش کر رہے ہیں، آپ لوگوں کو پہلے ہی میرے سٹاف کی بات سن لینی چاہیے تھی۔‘
انہوں نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت سے نکلنے کا حکم دیا تھا تاہم بعد میں اجازت دے دی تھی۔
جج رخشندہ شاہین نے کہا تھا کہ ’میری عدالت ہے جیسے میں چلاؤں گی ویسے چلے گی۔ آپ لوگ باہر چلے جائیں۔‘
پی ٹی آئی کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست
اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ سابق وزیراعظم عمران خان کی بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بینچ کا حصہ ہیں۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ عمران خان سپیشل جج کی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں، اب بھی ہونا چاہتے۔
’سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے مطابق اگر ایک بار ملزم پیش ہوجائے تو اگلی بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جا سکتی ہے۔‘
اس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ’آپ آٹھ بار التوا لے چکے ہیں۔‘
محسن اختر کیانی نے کہا کہ ’آپ چاہتے ہیں کہ سپیشل جج کو عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلے سے روکا جائے؟‘
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ’درخواست گزار انجری کے باعث کہیں آ جا نہیں سکتے۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ اس مہینے کے آخر تک چلنے کے قابل ہو جائیں گے۔‘