انگلش ٹیم کی تباہ کن بولنگ، پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 267 رنز سے شکست
انگلینڈ کی ٹیم نے برق رفتار بلے بازی کے بعد اپنی شاندار بولنگ سے بھی کیویز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پہلا ٹیسٹ میچ 267 رنز سے جیت لیا۔
اتوار کو نیوزی لینڈ کے ماؤنٹ منگنوئی سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ کے چوتھے روز کے ابتدائی سیشن میں ہی ڈھیر ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے چوتھی اننگز میں 394 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹٰیم 126 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
انگلش ٹیم کے فاسٹ بولرز سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے دوسری اننگز میں چار، چار کیوی بلے باز آؤٹ کیے۔
انگلینڈ نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
انگلش بلے باز ہیری بروک کو دونوں اننگز میں نصف سینچریاں سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 89 اور 54 رنز کی اننگز کھیلیں۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی تھی۔ انگلش ٹیم نے صرف 58 اوورز میں برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے یہ رنز سکور کیے۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 306 رنز بنا سکی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 374 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے بولر جمیز اینڈرسن نے میچ میں سات جبکہ سٹورٹ براڈ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرا ٹیسٹ جمعہ سے ویلنگٹن میں شروع ہوگا۔