خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کی ایک خاتون نے زخمی مونال تیتر کی جان بچانے کے بعد اسے محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ) کے اہلکاروں کے حوالے کیا ہے۔
ضلع چترال کی رمبور وادی سے تعلق رکھنے والی کیلاشی خاتون جہان گلو نے 16 فروری کو جنگلی پرندے مونال تیتر کو عقاب کے حملے سے بچا کر زخمی حالت میں ریسکیو کیا تھا۔
مزید پڑھیں
کیلاشی خاتون نے زخمی پرندے کی مرہم پٹی کے بعد وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو پرندے کے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد متعلقہ اہلکار خاتون کے گھر پہنچے۔
محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار پرندے کو طبی امداد کے لیے وائلڈ لائف ویٹرنری سنٹر لے گئے۔
کیلاشی خاتون کے اس ذمہ دارانہ اقدام کو نہ صرف وائلڈ لائف نے سراہا بلکہ سوشل میڈیا پر خاتون کی تعریفیں بھی ہونے لگیں۔
بعدازاں سنیچر کو محکمہ وائلڈ لائف چترال گول نیشنل پارک کے ڈی ایف او الطاف حسین خود خاتون کے گھر گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ کے ساتھ نقد انعام بھی دیا۔
مقامی خاتون جہان گلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنگل میں جاتے ہوئے میں نے یہ پرندہ دیکھا جس کے اوپر عقاب منڈلا رہا تھا۔ میں نے لپک کر پرندے کو اٹھالیا جس کے بعد عقاب چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے علم نہیں تھا کہ یہ اس قدر نایاب پرندہ ہے۔‘
محکمہ ماحولیات و جنگلی حیات کے ترجمان لطیف الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’زخمی مونال تیتر کو طبی امداد دینے کے بعد نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویژن آفس لے جایا گیا تھا اور اب چترال کے سینیئر ویٹرنری ڈاکٹر اس کا مناسب علاج کر رہے ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/February/43881/2023/img-20230218-wa0052.jpg)