اسلام آباد میں چھاپہ، تیندوے سمیت نایاب جنگلی جانور کی حنوط شدہ کھال برآمد
پیر 28 نومبر 2022 16:30
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائلڈ لائف بورڈ نے چھاپہ مار کر تیندوے اور ایک نایاب جنگلی جانور کی حنوط شدہ کھال برآمد کی ہے۔
پیر کو سوشل پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے لکھا کہ کارروائی ’قائد اعظم یونیورسٹی کے قریب جنگل ہٹ‘ پر کی گئی ہے۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’تیندوے کا شکار قابل سزا قانونی جرم ہے۔ ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔‘
چند روز قبل بھی وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے اسلام آباد کے پوش تجاری مراکز میں سے ایک میں واقع دکان پر چھاپہ مار کر جنگلی جانوروں کی کھالوں سے بنائے گئے گرم لباس، خواتین کے پرس اور دیگر اشیا ضبط کی تھیں۔
اسلام آباد کی ایک جانب واقع مارگلہ کی پہاڑیوں اور ملحقہ علاقوں میں وقتا فوقتا بندروں اور تیندووں کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔
ان علاقوں کے مکین بھی اپنی جان ومال کے تحفظ کے لیے بعض اوقات تیندوے یا دیگر جانوروں کا شکار کر لیتے ہیں۔
صوبہ سندھ سمیت ملک کے دیگر حصوں سے ضبط کیے گئے مختلف جانوروں کو مارگلہ کے قدرتی ماحول کی وجہ سے یہاں لا کر آزاد کیا جاتا ہے تاکہ وہ انسانی قید میں رہنے کے بجائے موافق قدرتی ماحول میں پنپ سکیں۔