الخبر:آئی ای پی کی تقریب میں انجینئرمحمد اظہر علی کا مقالہ
الخبر (بشیر احمد بھٹی) انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان(آئی ای پی) کے زیر اہتمام الخبر کے مقامی ریستوران میں کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم ومعدنیات میں پی ایچ ڈی کے طالب علم انجینئر محمد اظہر علی خان کو اپنا مقالہ پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور اس کی سعادت نوجوان صہیب رضوان احمد کو حاصل ہوئی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض انجینئر فرید حسین نے سرانجام دیتے ہوئے مقرر کا تفصیلی تعارف اور ان کے موضوع گفتگو کا احاطہ کیا۔ اپنے مقالے اور ریسرچ کے موضوعات کو پیش کرنے کے لیے انجینئر محمد اظہر علی نے عام فہم زبان میں خوبصورت پریزینٹیشن کا اہتمام کیا تھا۔انہوں نے انجن بلاکس، والو ز، پمپ ہاوسنگ، بریکٹس، میٹل کاسٹنگ اور فاؤنڈری سے متعلقہ دیگر پرزہ جات کی مرحلہ وار تیاریوں پر بھر پور روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر آئی ای پی ایسٹرن ریجن کے چیئرمین انجینئر رضوان احمد نے پاکستان سےآئے ھوءے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر سید اقبال محسن سابق ڈین آف این ای ڈی یونیورسٹی کوا سٹیج پر آنے کی دعوت دی جنہوں نے اسپیکر کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔تقریب میں منطقہ شرقیہ میں موجود انجینئرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان میں یو پی ایم آرمکو، سعودی الیکٹریکل کمپنی، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اعلی حکام کے علاوہ آئی ای پی کے سابق چیئرمین انجینئر خواجہ عصمت امین، محمد ابرار شامی، عبدالقادر عقبانی، اسد زبیری، اطلاق احمد خان، مصباح الاسلام،انور خلیل شیخ،مصطفٰی نوید احمد کامران اور نبیل پرویز ملک نمایاں تھے۔ ان کے علاوہ انجینئرنگ سے متعلقہ اداروں سے تعلق رکھنے والے احباب کی کثیر تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔ واضح رہے کہ انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان (آئی ای پی) کا قیام بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے دست مبارک سے 20جون 1948 کو عمل میں آیا تھا۔ وطن عزیز میں 10 شاخوں کے علاوہ بحرین اور سعودی عرب میں بھی سینٹر موجود ہیں۔