Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آنے دو اسے‘، اکشے کمار نے جنگلا پھلانگے والے مداح کے ساتھ کیا کیا؟

اکشے کمار نے گارڈز کو روکا اور آگے بڑھ کر فین کو گلے لگا لیا (فوٹو: سکرین شاٹ)
بالی وڈ اداکار اکشے کمار کے باڈی گارڈز نے اس وقت ایک نوجوان کو پکڑ لیا جو اچانک جنگلا پھلانگ کر اداکار کی طرف بڑھا جس پر اداکار نے کہا ’آنے دو اسے‘، اس کے بعد بھی جو ہوا کافی دلچسپ تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اکشے کمار آج کل اپنی آنے والی فلم ’سیلفی‘ کی پروموشن کے لیے مختلف مقامات پر جا رہے ہیں۔
اتوار کو بھی وہ ممبئی کے ایک علاقے میں پہنچے تھے۔
 اس موقع کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلے کے پیچھے سے ہزاروں کی تعداد میں مداح انہیں دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے ہیں اور شور مچا رہے ہیں۔ اسی وقت ہی ایک نوجوان کچھ زیادہ ہی جوش میں آ گیا۔
اکشے کمار کے ساتھ سکیورٹی گارڈز بھی چل رہے تھے جیسے ہی لڑکے نے جنگلا پھلانگا انہوں نے اسے پکڑ لیا تاہم اکشے کمار نے نہ صرف گارڈز کو روکا بلکہ فین کو گلے بھی لگایا اور بات چیت بھی کی۔
ٹوئٹر پر پنک وِلا کے ہینڈل سے شیئر ہونے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور اس پر صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
اکشے کمار فین سے کچھ بات چیت بھی کرتے ہیں تاہم شور میں وہ سنائی نہیں دیتی۔
اس کے بعد اکشے کمار جنہوں نے کالی ٹی شرٹ کے ساتھ میچنگ پینٹ اور جوتے پہننے کے علاوہ کالا چشمہ بھی لگایا ہوا تھا، مسکراتے ہوئے فینز کے سامنے سے گزرتے ہیں اور انہیں دیکھ کر ہاتھ ہلاتے ہیں۔
اتوار کو ہی اکشے کمار نے اپنی فلم ’سیلفی‘ کا تیسرا گانا ’کُڑی چمکیلی‘ ریلیز کیا ہے۔
انہوں نے گانا انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہیر کی چمک بھی اس کُڑی چمکیلی کے سامنے فیل ہے‘۔
فلم ’سیلفی‘ 24 فروری کو سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔

 


اکشے کمار کی فلم ’سیلفی‘ 24 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: فلمی رنگ)

یہ گانا یو یو ہنی سنگھ نے گایا ہے جبکہ اس گانے میں اکشے کمار اور ڈیانا پینٹی کو ایک ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے حال ہی میں سیلفی کے دو گانے بھی ریلیز کیے جا چکے ہیں جن میں سے ایک ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘ اور دوسرا ’کُڑیے نی تیری‘ ہے۔ ان کو مداحوں کی جانب سے بہت سراہا گیا ہے۔
سیلفی ایک ملیالم فلم ’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ہندی ری میک ہے۔
اس میں پرتھوی راج اور سورج ونجرامودو نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
راج مہتا کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم سیلفی میں اکشے کمار اور عمران ہاشمی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

شیئر: