آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے جیتے گی، چوہدری شبریز اختر
پی ٹی آئی کا ریاض میں اجلاس، عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک
ریاض (ذکاءاللہ محسن) پاکستان تحریک انصاف کے کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر وجاہت علی صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں عمران خان کی بیرونی فنڈنگ کا بہت شور ڈالا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دنیا بھر میں پی ٹی آئی کے ورکرز ہزاروں کی تعداد میں ہیں جو سالانہ فنڈز دیتے ہیں۔ اگر بیرونی فنڈنگ اسے کہا جاتا ہے تو پارٹی ورکرز یہ فنڈ دیتے رہیں گے۔ ندیم بھٹی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کی بجائے مزید بگاڑ دیا ہے۔ گزشتہ4 سالوں کے دوران جی ڈی پی کا تناسب پہلے کی نسبت کم رہا ہے۔ پنجاب ونگ کے صدر چوہدری شبریز اختر کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی پنجاب میں بھاری اکثریت سے جیتے گی کیونکہ پنجاب کے عوام موجودہ حکمرانوں کی کرپشن اور ان کی بد عنوانیوں کو جان چکے ہیں۔ عمران خان کے پیغام پر لوگ لبیک کہہ رہے ہیںاور نیا پاکستان بنانے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ریاض ریجن کے صدر عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک تحریک کا نام ہے۔ عمران خان نے لوگوں کو انکے حقوق سے روشناس کروایا ہے۔ پاکستانی عوام کو عمران خان سے زیادہ مخلص لیڈر کبھی میسر نہیں آ سکتا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض رانا کاشف نے ادا کئے۔ دیگر مقررین میں فیاض احمد گیلانی، بخش شیر، مبشر انوار، زاہد عمران، رضوان اللہ، آفتاب تابش اور ممتاز خان شامل تھے۔