Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلفی سے انکار پر سیاستدان کے بیٹے کا انڈین گلوکار سونو نگم پر مبینہ حملہ

مقامی سیاستدان کا تعلق ادھاو ٹھاکرے کی جماعت سے ہے۔ (فائل فوٹو: فیس بُک)
انڈیا کے شہر ممبئی میں ایک موسیقی کی تقریب کے دوران گلوکار سونو نگم اور ان کی ٹیم پر مبینہ طور پر حملہ ہوا ہے لیکن اس حملے میں کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق پیر کی رات سونو نگم اپنی ٹیم کے ہمراہ ممبئی کے ایک پولیس سٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے اس واقعے کی رپورٹ درج کروائی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق سونو نگم اور ان کی ٹیم پر مبینہ حملہ اس وقت ہوا جب گلوکار نے ایک مقامی سیاستدان کے بیٹے کے ساتھ سیلفی لینے سے انکار کیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق سونو نگم کی ٹیم کے اراکین مقامی سیاستدان کے بیٹے کو پہچان نہ سکے اور انہیں گلوکار سے دور کرنے کی کوشش کی جس کے بعد گلوکار کے ہمراہ لوگوں اور مقامی سیاستدان کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سٹیج پر ہونے والی لڑائی کو دیکھا جا سکتا ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ معاملہ ہاتھا پائی تک کیسے پہنچا۔
انڈین میڈیا کے مطابق سونو نگم اور ان کی ٹیم کے اراکین سے لڑنے والا شخص مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ ادھاو ٹھاکرے کے حامی ایم پی اے پراکاش پھترپیکر کا بیٹا ہے۔
پراکاش پھترپیکر نے انڈین چینل ’ٹائمز ناؤ‘ کو بتایا کہ ’وہ حملہ نہیں تھا بلکہ معمولی جھگڑا تھا اور میں اس پر معافی بھی مانگ چکا ہوں۔ میرے بیٹے نے یہ سب جان بوجھ کر نہیں کیا۔‘

شیئر: