ریاض - - - - - ریاض مکتب العمل کے ترجمان عبداللہ الشقاوی نے خبردار کیا ہے کہ ھروب کی من گھڑت رپورٹ کرنیوالوں کے کمپیوٹر 5برس تک بند کر دئیے جائیں گے ۔ تارکین وطن نے من گھڑت ھروب کی رپورٹوں کیخلاف 1600شکایات درج کرائی تھیں ان میں سے 500نمٹا دی گئیں ۔ 3ماہ کے دوران 120ورک پرمٹ جاری کئے گئے ۔ الشقاوی نے واضح کیا کہ کوئی بھی کفیل مقررہ میعاد کے بعد ھروب کی رپورٹ منسوخ کرانے کا مجاز نہیں ۔ قانون محنت نے کفیل کو 20دن کے اندر اندر ھروب کی رپورٹ واپس لینے کا مجاز بنایا ہے۔ اس کے بعد کوئی بھی کفیل ھروب کی رپورٹ منسوخ نہیں کرا سکتا ۔ ریاض مکتب العمل کے ترجمان نے مزید بتایا کہ رپورٹ کے خود ساختہ ہونے پر کارکن کو اس کی اصلیت اجاگر کرنے کا حق دیا جاتا ہے اگر کوئی کارکن یہ سمجھتا ہو کہ اس کے کفیل نے اس کے خلاف ھروب کی رپورٹ پریشان کرنے کیلئے درج کرائی ہے اور اس کے پاس اس کے شواہد موجود ہوں تو اس کا حق بنتا ہے کہ وہ اپنے خلاف من گھڑت رپورٹ کی قلعی کھولنے کیلئے مکتب العمل سے رجوع کرے ۔ ھروب کی رپورٹ غلط ثابت ہونے پر کفیل اپنے کارکن کو اپنے یہاں ملازمت پر مجبور نہیں کر سکتا ۔ ایسی حالت میں کارکن من پسند کفیل کے یہاں نقل کفالہ کرانے کا مجاز ہے ۔ الشقاوی نے ھروب کی من گھڑت رپورٹ کرنیوالوں کیخلاف مقرر کی جانیوالی سزا کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کسی نے پہلی بار من گھڑ ت ر پورٹ درج کرائی ہو تو اس کا کمپیوٹر ایک برس کیلئے بند ہو گا ، دوسری بار 3برس تک اور تیسری مرتبہ 5برس تک کمپیوٹر بند کر دیا جائیگا البتہ ان تینوں حالتوں میں اس کے اجازت نامے میں توسیع کی جا سکے گی ۔ الشقاوی نے بتایا کہ جن لوگوں کا مقدمہ لیبر کورٹ میں چل رہا ہوانہیں جوازات سے خروج و عودہ دلوایا جائیگا۔اس کیلئے مقررہ شرائط پوری کرنی ہو ں گی ۔