جدہ ( اسٹاف رپورٹر ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ہر سطح پر مثالی برادرانہ تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ جدہ میں قونصلیٹ کے دورے کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کے استحکام میں یہاں مقیم کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے جسے کسی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔کمیونٹی کی بہتر طور پر خدمت ہماری اولین ذمہ داری ہے جسے بہترین انداز میں نبھانے کیلئے قونصلیٹ ہر ممکن طور پر کوشش کرے ۔ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور انہیں ہر ممکن حد تک سہولتیں فراہم کرنا ہمارا ہدف ہونا چاہئے ۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات مثالی ہیں جن میں اضافے کیلئے مزید بہتر اقدامات کئے جائیں گے۔ سفیر پاکستان کا استقبال قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کیا ان کے ہمراہ قونصلیٹ کے دیگر افسران اور عہدیدار بھی موجود تھے بعدازاں انہیں قونصلیٹ کا دورہ کرواتے ہوئے کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر مطلع کیا گیا ۔