Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق انڈین فوجی کے بیٹے ورلڈ بینک کے نئے صدر نامزد، اجے بانگا کون ہیں؟

اجے بانگا کو 2016 میں انڈین حکومت نے پدما شری ایوارڈ سے نوازا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈین نژاد امریکی بزنس مین اجے بانگا کو ورلڈ بینک کا نیا سربراہ نامزد کر دیا ہے۔
سی این این کے مطابق جمعرات کو وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ اجے بانگا کے پاس تاریخ کے ایک حساس موڑ پر ورلڈ بینک کی سربراہی کرنے کی تمام صلاحتیں موجود ہیں اور وہ لوگوں اور نظام کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ دیگر بین الاقوامی لیڈروں کے ساتھ شراکت داری قائم کر کے دنیا کے لیے بہتر کام کر سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’انڈیا میں پرورش پانے والے اجے بانگا کا نئے مواقعے پیدا کرنے کے حوالے سے منفرد نظریہ ہے اور وہ ان تمام چیلنجز سے بھی واقف ہیں جن کا سامنا ترقی پذیر ممالک کر رہے ہیں۔‘
صدر بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ اجے بانگا کو معلوم ہے کہ ’ورلڈ بینک کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کیسے دنیا میں غربت کو کم کرنا ہے اور خوشحالی لانی ہے۔‘
اجے بانگا کی عمر 63 سال ہے اور وہ امریکی کمپنی جنرل ایٹلانٹک کے نائب صدر ہیں۔ اس سے قبل وہ ماسٹر کارڈ کے صدر اور سی ای او کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔
انڈین حکومت نے 2016 میں ان کی خدمات کے نتیجے میں انہیں ’پدما شری‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
اجے بانگا نے اکنامکس میں بیچلرز نئی دہلی کے سینٹ سٹیفن کالج سے کیا جس کے بعد انہوں نے ایم بی اے کی ڈگری احمد آباد کے انڈین انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ سے حاصل کی۔
امریکی میگزین فوربز کے مطابق اجے بانگا امریکا منتقل ہونے سے قبل انڈیا میں نیسلے اور پیپسی کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔
سنہ 2015 میں اس وقت کے امریکی صدر باراک اوباما نے انہیں اپنی کمیٹی برائے تجارتی پالیسی کا رکن بنایا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سنہ 1959 میں پونے میں پیدا ہونے والے اجے بانگا کے والد ہربھجن سنگھ بانگا انڈین آرمی میں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔

شیئر: