Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کےلیے چار ہزار سے زیادہ سعودی طبی ماہرین کی رجسٹریشن

سعودی ٹیمیں زلزلے کے کچھ گھنٹوں بعد متاثرہ علاقے میں پہنچیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’ترکی اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے چار ہزار 200 سے زیادہ سعودی طبی ماہرین نے رجسٹریشن کرائی ہے‘۔
واضح رہے کہ چھ فروری کو ترکی اور شام میں آنے والے کے زلزلے میں تقریباً 50 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک جب کہ درجنوں قصبے ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔
لاکھوں افراد کے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے اور متعدد افراد سردیوں کے موسم میں خیموں یا کھلی جگہوں میں سونے پر مجبور ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹیمیں زلزلے کے کچھ گھنٹوں بعد متاثرہ علاقے میں پہنچیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے دونوں ممالک کو طیاروں کے ذریعے امداد بھیجنے کے لیے فوری طور پر ایک ہوائی پل قائم کیا تھا۔
شاہ سلمان مرکز اور قوام متحدہ نے اس ہفتے ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم کی میزبانی کی جس کا فوکس ترکی اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کرنا تھا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے قدرتی آفت سے بچ جانے والوں کی مدد کے لیے 49 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ریاض فورم کے دوران ایک انٹرویو میں کہا کہ ’ شام اور ترکی کے 20 علاقوں میں تعینات سعودی ٹیمیں بین الاقوامی طور پر تصدیق شدہ جواب دہندگان ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ چار ہزار 200  سے زیادہ سعودی طبی پیشہ ور افراد شامل ہیں جنہوں نے رضاکارانہ خدمات انجام دی ہیں۔

عوام نے بھی اس تباہی کے ردعمل میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے (فوٹو:عرب نیوز)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل نے عرب نیوز کو بتایا کہ’ ہم ان لوگوں کا شکریہ اور احترام کرتے ہیں جنہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے ناموں کی پیشکش کی اور رجسٹر کیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہ ’جن لوگوں کو فوری طور پر میدان میں بھیجا جائے گا ان کی تعداد کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ کس قسم کی امداد سب سے زیادہ ضروری ہے‘۔
 العربیعہ کہا کہ ’ طبی شعبے خاص طور پر ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹرز، آرتھوپیڈسٹ اور نیورو سرجن اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ عوام نے بھی اس تباہی کے ردعمل میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرکاری امداد کے علاوہ  شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے زیر انتظام زلزلہ متاثرین کے لیے ایک آن لائن مہم نے جمعہ تک 120 ملین ڈالر سے زیادہ نجی عطیات جمع کیے ہیں‘۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’ میں حکومت اور نجی عطیہ دہندگان کے فراخدلانہ عطیات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شاہ سلمان مرکز، سعودی ریڈ کریسنٹ اور سعودی سول ڈیفنس کی ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔

شیئر: