Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی مسافر سعودی عرب کےلیے ٹرانزٹ ویزا کیسے حاصل کریں؟

ٹرانزٹ ویزے کی کوئی فیس نہیں تاہم اس کی دو بنیادی شرائط ہیں( فائل فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب کی جانب سے ٹرانزٹ ویزے کی سہولت کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا’ پاکستان سے آنے والوں کو ٹرانزٹ ویزا مل سکتا ہے‘؟۔ 
مملکت کا ٹرانزٹ ویزا کسی بھی ملک کے ان شہریوں کو جاری کیاجاتا ہے جومملکت سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جارہے ہوں۔  
اگر پاکستان سے یورپ یا کسی اورملک کا ویزا لگایا ہے اوروہاں جانے سے قبل سعودیہ ایئریا ناس ایئرکی فلائٹ سے کنکٹنگ ٹکٹ خریدا جائے اس صورت میں چار دن کے لیے ٹرانزٹ ویزا جاری کیاجاتاہے جس کی انٹری سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی ایئرپورٹ پرمتعین امیگریشن اہلکارکرتے ہیں۔ 
واضح رہے حال ہی میں سعودی حکام کی جانب سے ٹرانزٹ ویزا متعارف کرایا گیا ہے جس کی کوئی فیس نہیں تاہم اس ویزے کی دو بنیادی شرائط ہیں۔
اول یہ کہ مسافرکی منزل کوئی دوسرا ملک ہو اور راستے میں وہ سعودی عرب مختصرقیام کرنا چاہتا ہو اس صورت میں اسے ٹرانزٹ ویزا جاری کیاجاتا ہے۔ 
دوسری اہم شرط یہ ہے کہ ٹرانزٹ ویزا صرف سعودیہ یا ناس ایئرلائن کے مسافروں کو ہی جاری کیاجاتا ہےکسی اورایئرلائن سے سفرکرنے والوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔ 
ٹرانزٹ ویزے کے حصول کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ فضائی مسافر السعودیہ اور ناس ایئر کے الیکڑانک پلیٹ فارم  سے ٹرانزٹ ویزے کی درخواست کریں گے جو خودکار سسٹم کے تحت دفتر خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم میں منتقل ہوجائے  گی۔
دفتر خارجہ اس پر فوری کارروائی کرکے ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا۔ ای میل پرامیدوار کو بھیجا جائے گا۔
 اقامہ کی تجدید کے بارے میں ایک شخص نے دریافت کیا’ پاسپورٹ ایکسپائرہونے کی صورت میں اقامہ تجدید کرایاجاسکتا ہے؟‘۔ 

ٹرانزٹ ویزا صرف سعودیہ یا ناس ایئرلائن کے مسافروں کو جاری کیاجاتا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ کی تجدید کے لیے پاسپورٹ کا کارآمد ہونا ضروری ہے۔ ایکسپائرپاسپورٹ پراقامہ تجدید نہیں کرایاجاسکتا‘۔ 
واضح رہے پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویز ہے۔ بیرون ملک رہنے والوں کو چاہئے کہ پاسپورٹ ایکسپائرہرنے سے قبل ہی اسکی تجدید کرالی جائے۔ 
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے مرکزی سسٹم میں غیرملکی کارکن کے پاسپورٹ اوراقامہ کی تفصیلات فیڈ کی جاتی ہیں۔ 
غیرملکی کاپاسپورٹ ایکسپائرہونے کی صورت میں اقامہ اس وقت تک تجدید نہیں کرایاجاسکتا جب تک تجدید شدہ پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں نہ کرائی جائے۔ نئے پاسپورٹ کی انٹری کرانے کے بعد ہی اقامہ تجدید کرایاجاسکتا ہے۔ 
تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرانے کےلیے جوازات کے ابشراکاونٹ سے کیاجاسکتا ہے تاہم کارکن کے پاسپورٹ کا ڈیٹا اسپانسر کے ذریعے ہی کرانا ممکن ہے۔
کارکن کے اہل خانہ کے تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرانے کا اختیارغیرملکی کو ہے وہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعےاپنے اہل خانہ کے نئے تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات میں اپ ڈیٹ کرسکتا ہے۔ 

شیئر: