ممنوعہ سرحدی علاقوں سے دوررہا جائے، سرحدی فورس کا انتباہ
خلاف ورزی پر30 ماہ قید اور25 ہزار ریال جرمانہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی سرحدی فورس کا کہنا ہے کہ مقامی شہری اورمقیم غیرملکی سرحدی علاقوں کے قریب نہ جائیں۔ ممنوعہ سرحدی علاقوں سے دوررہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سرحدی فورس نے توجہ دلائی ہے کہ محکمہ نے سرحدی علاقوں میں انتباہی بورڈ نصب کردیئے ہیں علاوہ ازیں سرحد کی شناخت کے لیے باؤنڈری لگا دی گئی ہے۔
کوسٹ گارڈ ز کا کہنا ہے کہ جوشخص بھی ممنوعہ سرحدی علاقے کے قوانین کو نظرانداز کرے گا اسے 30 ماہ تک قید یا 25 ہزارریال تک کے جرمانے کی سزا ہوگی۔ بیک وقت دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔
سرحدی فورسز نے خبردار کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں جانے پرپابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی جو بھی ممنوعہ علاقے میں پایا جائے گا اسے حراست میں لے کرمتعلقہ ادارے کے حوالے کردیاجائے گا۔