Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف کو نکالنے والے ثاقب نثار کو قوم معاف نہیں کرے گی‘

مریم نواز نے کہا ’عمران خان نے اپنی حفاظت لیے خواتین رکھی ہوئی ہیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کہا ہے کہ ’عمران خان کے سہولت کار جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔‘
مریم نواز نے جمعے کو فیصل آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب میں کہا کہ  ’اب سارے سازشی(جنہوں نے 2017 اور 2018 میں سازش کی) ایک ایک کر کے ناصرف خود بول رہے ہیں بلکہ دوسرے چھپے ہوئے سازشیوں کا پتا بھی بتا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب ایک سازشی پکڑا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ میں اکیلا نہیں تھا، فلاں فلاں بھی شامل تھے۔‘
انہوں نے سابق چیف جسٹس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف کو نکالنے والے ثاقب نثار! یہ قوم تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔‘
’میں آصف سعید کھوسہ سے پوچھتی ہوں جس نے عمران خان سے کہا کہ سڑکوں پر کیا پھرتے ہو، میرے پاس آؤ۔ میں نواز شریف کو باہر نکالتا ہوں۔‘
’تم نے قانون اور انصاف کا تماشا بنایا۔ آج یہ قوم تمہیں گھروں میں چھپنے نہیں دے گی۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’پاناما بینچ نے نواز شریف سے نہیں بلکہ غریب کی روٹی سے اور پاکستان کے ترقی سے دشمنی کی۔‘
’انہوں نے ایک بدعنوان اور بد تہذیب شخص کو قوم کے سروں پر مسلط کیا۔ جتنا بڑا جرم انہوں نے قوم کے ساتھ کیا ہے، قوم ان کی نسلوں کو بھی معاف نہیں کرے گی۔‘
’اسٹیبلشمنٹ نے گند کا ٹوکرا سمجھ کر اسے زمین پر پھینک دیا ہے۔‘

’یہ عدالت کے لیے بیمار اور جلسوں کے لیے تیار ہے‘

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’پنجاب والو! اپنے دشمن کو پہچانو اور اسے پنجاب سے اٹھا کر باہر پھینکو۔ یہ خود کوئی کام کرتا ہے نہ کسی اور کو کرنے دیتا ہے۔ اسی لیے اسے میں فتنہ کہتی ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف اور پاکستان کی ترقی یوں جڑی ہوئی جیسے ہماری شہ رگ جسم کے ساتھ جڑی ہوتی ہے۔ نواز شریف اوپر جاتا ہے تو ملک اوپر جاتا ہے۔ نواز شریف نیچے جاتا ہے تو ملک نیچے جاتا ہے۔‘
’عمران خان نے اپنی حفاظت لیے خواتین رکھی ہوئی ہیں۔ نواز شریف نے کبھی کارکنوں کو اپنی ڈھال نہیں بنایا۔‘
’جب عدالت بلاتی ہے تو عمران خان کہتا ہے کہ میری ٹانگ پر پلاسٹر چڑھا ہوا ہے اور جلسہ کرنا ہو تو بزرگی، معذوری اور ٹوٹی ہوئی ٹانگ یاد نہیں آتی۔ یہ عدالت کے لیے بیمار اور جلسوں کے لیے تیار ہے۔‘

’مریم نواز کو تحریک انصاف کے کارکنوں کا خیال ہے‘

مریم نواز نے لاہور میں ہلاک ہونےوالے تحریک انصاف کے کارکن ظل علی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’ہم سب تحریک انصاف کے اس کارکن کے لیے دعا کرتے ہیں جس کا انتقال ہوا۔ لیکن شرم کی بات ہے ابھی اس کارکن کا جنازہ نہیں اٹھا تھا، یہ (عمران خان) کارکن کے والد سے کہتا ہے میرے دربار میں حاضر ہو۔ میں نے افسوس کرنا ہے۔‘
’بزدل آدمی تمہیں تحریک انصاف کے کارکن کا خیال ہو نہ ہو، مریم نواز کو تحریک انصاف کے کارکنوں کا خیال ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے اپنے بیٹے لندن کی محفوظ فضاؤں میں ہیں اور یہ کارکنوں کو ڈنڈے کھانے کے لیے بلاتا ہے۔‘
الیکشن کے حوالے سے مریم نواز نے اپنا بیان دہراتے ہوئے کہا ’پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرو اس کے بعد الیکشن کرا لو مجھے کوئی اعتراض نہیں۔‘

شیئر: