Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کا کورونا کے بعد غیرملکی سیاحوں کے لیے سرحدیں کھولنے کا اعلان

چینی حکام نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے خلاف جیت کا اعلان کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
چین تین برس قبل کورونا وائرس پھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے جا رہا ہے، اور بدھ سے تمام کیٹیگریز کے لیے ویزے جاری کرنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چینی حکام نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے خلاف جیت کا اعلان کیا تھا اور یہ پیش رفت اس سلسلے کی کڑی ہے۔
تاہم سیاحت کی صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو توقع نہیں ہے کہ چین کی سیاحت میں فوری طور پر کوئی بہتری آئے گی اور معیشت کو فروغ ملے گا۔ 2019 میں چین کے جی ڈی پی میں غیرملکی سیاحت کا حصہ 0.9 فیصد تھا۔
لیکن سیاحوں کے لیے ویزوں کے اجرا سے چین کا دنیا کے ساتھ رابطہ بحال ہو گا۔
چین میں آسٹریلین چیمبر آف کامرس کے چیئرمین واؤگھن باربر نے کہا کہ ’غیرملکیوں کے لیے تمام قسم کے ویزوں کے اجرا کا اعلان آسٹریلوی کاروباری حضرات کے لیے مفید ہے جو یہاں آ کر کاروبار کے نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔‘
چین میں غیر ملکیوں کی دلچسپی کے ایونٹ بحال ہونے جا رہے ہیں جن میں چائنا ڈیویلپمنٹ فورم رواں ماہ کے آخر میں بیجنگ میں ہو گا اور شنگائی آٹو شو اپریل میں منعقد ہو گا۔
اس کے علاوہ چار برس میں ایک مرتبہ ہونے والی ایشین گیمز مشرقی شہر ہینگ زو میں ستمبر میں ہوں گی جنہیں گزشتہ برس کورونا کی وبا کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔
تاہم چین کی انٹرنیشنل ٹریول سروسز کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ’چین سیاحت کے لیے اب پسندیدہ جگہ نہیں ہے۔ کاروباری نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو کورونا کی وبا کے بعد غیر ملکیوں کی چین میں ایونٹ منعقد کروانے کی خواہش کم ہوئی ہے، کیونکہ یہاں سیاست کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے لوگ خوف زدہ ہیں۔‘

شیئر: