سعودی وزیر تجارت کی عراقی وزیراعظم اور وزرا سے ملاقاتیں
عراق سعودی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے بغداد کا دورہ کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے پیرکو سعودی، عراقی رابطہ کونسل کے موضوعات کے جائزے اور عراق سعودی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے عراق کا دورہ کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ماجد القصبی نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی۔
شاہ سلمانبن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔ برادر ملک عراق کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کے حوالے سے سعودی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ماجد القصبی نے عراق کے نائب وزیراعظم و وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر محمدعلی تمیم، وزیر تجارت اثیر الغریری، اعلی عدالتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر فائق زیدان سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔
ان ملاقاتوں میں سعودی،عراقی رابطہ کونسل کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سٹراٹیجک شراکت کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر تجارت کا دورہ عراق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورعراقی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں طےپانے والے فیصلوں کا نتیجہ ہے۔
سعودی عراقی رابطہ کونسل کا مقصد سٹراٹیجک سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانا، مختلف شعبوں خصوصا اقتصادی، ترقیاتی، امن و سلامتی، سرمایہ کاری، سیاحتی، ثقافتی اور ابلاغی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانا ہے۔
علاوہ ازیں مشترکہ مفادات کے تحفظ، دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان شراکت کے فروغ، نیزاہم علاقائی اور بین الاقوامی امور میں فریقین کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔
سعودی عراقی رابطہ کونسل میں مملکت کی جانب سے پندرہ وزرا اور شاہی خاندان کی اہم شخصیات شریک ہیں جبکہ ڈاکٹر ماجد القصبی سعودی عراقی رابطہ کونسل کے مملکت کی جانب سے سربراہ ہیں۔