چیتن کمار ہندو مذہب سے متعلق متنازع ٹویٹ کرنے پر گرفتار
منگل 21 مارچ 2023 15:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چیتن کمار آہمسا کنڑ زبان کی متعدد فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ (تصویر: چیتن کمار/فیس بک)
انڈیا کی کنڑ فلم انڈسٹری کے اداکار چیتن کمار کو ہندو مذہب کے بارے میں ’قابل اعتراض‘ ٹویٹ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق چیتن کمار کو بنگلور پولیس نے گرفتار کیا جس کے بعد انہیں ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے اداکار دلت کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی برادری کے حقوق کے لیے بھی کام کرتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ قابل اعتراض ٹویٹ کی وجہ سے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
چیتن کمار کی جانب سے ٹویٹ منظر عام آنے کچھ ہی گھنٹوں بعد ہندو تنظیموں کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔
چیتن کمار کے خلاف یہ کوئی پہلا مقدمہ نہیں بلکہ اس سے قبل گزشتہ سال فروری میں انہیں کرناٹک کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کرشنا ڈکشٹ کے خلاف متنازع ٹویٹ کرنے پر بھی گرفتار کیا گیا تھا۔