اردن کی ملکہ کا جدہ سپرڈوم میں نمائش اور اسلامی آرٹ فینالے کا دورہ
اردن کی ملکہ کا جدہ سپرڈوم میں نمائش اور اسلامی آرٹ فینالے کا دورہ
بدھ 29 مارچ 2023 6:08
نمائش میں 15 سے زیادہ ملکوں کے 170 سے زیادہ ادارے شریک ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
اردن کی ملکہ رانیا نے پیر کو جدہ سپرڈوم میں ہونے والی نمائش ’بساط الریح‘ ایڈیشن 22 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے۔
شہزادی عادلہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وہ گھریلو صحت نگہداشت کے قومی فلاحی ادارے کی سیکریٹریز کونسل کی چیئرپرسن بھی ہیں۔
اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق نمائش کا اہتمام رمضان کے حوالے سے سعودی وزارت ثقافت کی سرپرستی میں کیا گیا ہے۔
نمائش میں پندرہ سے زیادہ ملکوں کے 170 سے زیادہ ادارے شریک ہیں، نمائش 6 دن تک جاری رہے گی۔
بساط الریح نمائش کی چیئرپرسن عبیر قبانی نے ملکہ رانیا کا نمائش میں شرکت پر دلی شکریہ ادا کیا۔
اس سال نمائش میں پہلی مرتبہ نہر الاردن فاؤنڈیشن نے بھی خصوصی سٹال لگایا ہے جس میں اردن کی دستی مصنوعات سجائی گئی ہیں۔
نمائش مختلف گھریلو ضروریات کے پرکشش پروگراموں پر مشتمل ہے۔ وزیٹرز کو تاریخی کام اور تحائف دریافت کرنے کا بھی موقع دیا جا رہا ہے۔
ملکہ رانیا نے اس موقع پر جدہ میں اسلامی آرٹ فینالے کا بھی دورہ کیا جس کا افتتاح اس سال حج ٹرمینل جدہ میں کیا گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے۔
ملکہ رانیا نے نمائش کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ چیئرپرسن آیۃ البکری نے نمائش میں رکھی گئی اشیا کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔ 300 سے زیادہ فن پارے سجائے گئے ہیں۔ ان میں حرمین شریفین کے تاریخی نوادر بھی ہیں۔
یاد رہے کہ ملکہ رانیا عمرہ کریں گی اور مکہ مکرمہ میں زائر اردنی خواتین کو افطار بھی کرائیں گی۔