کراچی: میں ‘ٹارگٹ کلنگ‘، معروف ہندو آئی سرجن ڈاکٹر بیربل ہلاک
جمعرات 30 مارچ 2023 19:10
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ڈاکٹر بیربل رنچھوڑ لائن میں اپنا نجی کلینک چلا رہے تھے (فائل فوٹو: کراچی پولیس)
کراچی میں سابق ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر بیربل گنانی لیاری ایکسپریس وے کے قریب قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ’اس واقعے میں ڈاکٹر بیربل گنانی کی اسٹنٹ ڈاکٹر قرۃ العین زخمی ہوئی ہیں۔‘
ڈاکٹر بیربل ڈیڑھ برس قبل ریٹائر ہوئے تھے۔ مقتول ڈاکٹر نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ڈاکٹر ان پبلک ہیلتھ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔
وہ رنچھوڑ لائن میں اپنا نجی کلینک چلا رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’مقتول کو کلینک آتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔‘
کراچی لیاری ایکسپریس وے کے قریب ڈاکٹر بیربل گینانی کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے پر پولیس حدود کے تنازعے میں الجھ گئی۔
گارڈن اور سولجر بازار پولیس کے درمیان حدود کے معاملے پر تکرار ہوتی رہی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’ڈاکٹر بیربل کی کار پر فائرنگ کی گئی جس سے وہ تیزی سے ایک جانب جا کر خود بخود رک گئی۔‘
’یہ حملہ گارڈن گڈلک ہال کے قریب کیا گیا، ویڈیو میں پارٹنر سیٹ کا دروازہ بھی کھلا دیکھا جا سکتا ہے۔‘
پولیس نے مزید بتایا کہ ’کار پر فائرنگ ایک تھانے کی حدود میں کی گئی جبکہ کار دوسرے علاقے میں جا کر رُکی۔‘
ڈائریکٹر جناح ہسپتال پروفیسر شاہد رسول نے ڈاکٹر بیربل کی لاش کا معائنہ کیا اور زخمی خاتون ڈاکٹر سے خیریت معلوم کی۔