Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یا اللہ ہماری مدد فرما،‘ کراچی میں ہلاکتوں پر پاکستانی اداکارائیں دُکھی

جمعے کو کراچی کی ایک فیکٹری کے باہر راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں جمعے کو سائٹ کے علاقے میں ایک فیکٹری کے باہر راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے تین بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہونے کے واقعے پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ عائشہ عمر نے سنیچر کو ایک انسٹاگرام سٹوری میں کراچی میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں لکھا کہ ’یا اللہ ہماری قوم کی مدد فرما۔‘
انہوں نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے دعا کی اور لکھا کہ ’اے اللہ ہمیں ضرورت مندوں کی صحیح طریقے سے مدد کرنے کی توفیق دے جس سے انہیں تکلیف نہ ہو۔‘
عائشہ عمر کی انسٹاگرام پوسٹ میں سیاسی قائدین اور حکومت کے لیے بھی دعا کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ‘حکومت کو ایسے اصول و قواعد بنانے کی ضرورت ہے جس سے سب کی زندگیاں آسان ہوں اور سب محفوظ رہیں۔‘

ایک اور پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے کراچی میں پیش آنے والے حادثے کو ’دل دہلا دینے‘ والے واقعہ قرار دیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ فیکٹری کے مالک اور انتظامیہ کے دیگر افراد کے خلاف درج کر لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیکٹری کی انتظامیہ کی بدانتظامی کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔
گذشتہ روز پولیس نے فیکٹری سے سات افراد کو حراست میں لیا تھا اور واقعے کی تفتیش سینیئر پولیس افسر کے سپرد کی تھی۔

شیئر: