Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپانی ریستوران کی گاہکوں پر کھانا کھاتے وقت سمارٹ فون استعمال کرنے کی پابندی

2017 میں معروف فاسٹ فوڈ چین مکڈونلڈز نے سنگاپور میں ’فون آف، فن آن‘ کی مہم چلائی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سمارٹ فون اور سوشل میڈیا کے عام ہونے کے بعد اب دنیا بھر میں لوگ کھانا کھانے سے پہلے اس کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے ہیں۔
کھاتے وقت موبائل فون کا استعمال کرنا، سٹوریز بنانا یا کوئی ویڈیو دیکھنا ایک عام رواج بن چکا ہے۔
کھانا کھاتے وقت موبائل فون کو کثرت سے استعمال کرنے کی اس عادت کے خلاف ایک جاپانی ریستوران نے قدم اٹھاتے ہوئے گاہکوں پر کھانا کھاتے وقت سمارٹ فون استعمال کرنے کی پابندی لگا دی ہے۔
امریکی ٹی وی چینل سی این این کی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں واقع دیبو چَن نامی رامین کے ریستوران نے گاہکوں پر مصروفیت کے وقت کھانا کھانے کے دوران موبائل کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔
ریستوران کے مالک کوٹا کائی کہتے ہیں کہ ’ایک مرتبہ ہم مصروف (رش کا وقت) تھے، ہم نے دیکھا کہ ایک گاہک نے چار منٹوں تک کھانا کھانا شروع نہیں کیا۔‘
کوٹا کائی کہتے ہیں کہ ریستوران پر آںے والے گاہک عام طور پر موبائل پر ویڈیوز دیکھتے رہتے ہیں اور اُن کا کھانا ٹھنڈا ہوتا رہتا ہے۔
وہ اس بارے میں مزید کہتے ہیں کہ وہ جو نوڈلز بناتے ہیں وہ صرف ایک ملی میٹر چوڑی ہوتی ہے، جو کہ بہت جلدی پھیلنا اور خراب ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس وجہ سے اگر کوئی کھانا چار منٹوں تک رکھ کر بیٹھا رہے تو اس کے نتیجے میں کھانا خراب ہو سکتا ہے۔
دیبو چَن ریستوران  کی 33 سیٹیں ہیں تاہم کائی کے مطابق رش کے وقت 10 لوگوں کا سیٹ کے لیے انتظار کرنا کوئی انہونی بات نہیں ہے۔
وہ کہتے ہیں ’جب کوئی سیٹ خالی نہیں ہوتی اور میں دیکھتا ہوں کہ لوگ کھانا چھوڑ کر اپنا فون استعمال کر رہے ہیں تو میں انہیں ایسا کرنے سے منع کرتا ہوں۔‘

کوٹا کائی کہتے ہیں کہ ریستوران پر آںے والے گاہک عام طور پر موبائل پر ویڈیوز دیکھتے رہتے ہیں۔

ریستوران کے مالک کے مطابق انہوں نے لوگوں کو فون کے استعمال سے روکنے کے لیے کوئی سائن نہیں لگائے تاہم وہ خود گاہک کے پاس جا کر انہیں ایسا کرنے سے روکتے ہیں۔
ان کا ماننا ہے کہ رامین کھانے سے زیادہ کچھ اور چیز ہے۔
میرے خیال سے یہ ایسی تفریح ہے جس میں کچھ اُصول ہیں۔ وہ کہتے ہیں نا کہ جیسا دیس ویسا بھیس، رامین ایک تفریح کی قسم ہے۔‘
دیبو چَن موبائل فون پر کھانے کے دوران پابندی لگانے والا کوئی نیا ریستوران نہیں ہے۔
اس سے قبل 2017 میں معروف فاسٹ فوڈ چین مکڈونلڈز نے سنگاپور میں ’فون آف، فن آن‘ کی مہم چلائی تھی جس کے تحت ریستوران میں سمارٹ فون لاکر نصب کیے گئے تھے جس کی مدد سے گاہک کھانا کھانے کے دوران اپنے فون کا استعمال کم کر سکتے تھے۔

شیئر: