سعودی امریکی سربراہ کانفرنس، عالمی امن و استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی، شاہ سلمان
ریاض.... سعودی کابینہ کا اجلاس پیر کو جدہ کے قصر السلام میں ہوا۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدارت کی۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی امریکی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے امریکی صدر ٹرمپ اورجی سی سی و امریکی اور اسلامی و امریکی سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچنے والے مسلم و عرب سربراہوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ شاہ سلمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی امریکی سربراہ کانفرنس سے متعدد شعبوں میں امریکہ و سعود ی عرب کے اسٹراٹیجک تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ عالمی امن و استحکام اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حل میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی جہتیں قائم ہونگی۔ عالمی امن و استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔سعودی امریکی سربراہ کانفرنس 24شعبان مطابق20مئی کو ریاض میںہوگی۔ شاہ سلمان نے آرز و ظاہرکی کہ 25شعبان مطابق 21مئی کو ہونے والی خلیجی سربراہ کانفرنس جی سی سی ممالک کے درمیان تعاون و یکجہتی کو راسخ کریگی جبکہ امریکی خلیجی سربراہ کانفرنس سے خطے کے امن و استحکام کی تقویت کے حوالے سے خلیجی قائدین کی آرزوئیں پوری ہونگی۔ اس حوالے سے فریقین کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ شاہ سلمان نے پرعزم لہجے میں کہا کہ امریکی اسلامی عرب سربراہ کانفرنس بھی 21مئی کو ہی ہوگی یہ عالمی برادری کو درپیش سنگین حالات اورچیلنجوں کے ماحول میں ہورہی ہے۔ امید یہ ہے کہ یہ تاریخی سربراہ کانفرنس انتہا پسندی و دہشتگردی سے نمٹنے ،پرامن بقائے باہم اور رواداری کی قدروں کی ترویج کیلئے نئی شراکت کا باعث بنے گی۔ اس کی بدولت ہمارے عوام کے حال و مستقبل کے حوالے سے تعاون اور امن واستحکام کو بھی فروغ ملے گا۔ شاہ سلمان نے کابینہ کو گنی کے صدر کے ساتھ مذاکرات کے نتائج اور فرانس کے صدر کو عوام کا اعتماد ملنے پر مبارکباد کے حوالے سے ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے بتایا کہ کابینہ میں مقامی امور پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ معتمرین اور زائرین کیلئے سرکاری و نجی ادارو ںکی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ رمضان المبارک کے حوالے سے تیاریوں سے آگاہی حاصل کی گئی۔ شاہ سلمان نے ہدایت جاری کی کہ حرمین شریفین کے زائرین کو ہر قیمت پر بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ تمام سرکاری و نجی ادارے تال میل پیدا کرکے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مزید آرام و راحت کے اسباب مہیا کریں۔ کابینہ نے قطیف کے المسورة محلے میں ٹھیکیدار کے کارکنان پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی۔ کابینہ نے امریکہ کےساتھ مفاہمتی یادداشتوں اورمعاہدے کے مسودوں پر بات چیت اوردستخط کے اختیارات بھی تفویض کردیئے۔