غیر ملکی ڈرائیور کی اپیل پر دیت کی ادائیگی، پہاڑ کے کنارے افطار اور جدہ کے لیے پہلی فلائٹ سمیت گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی خبریں
غیر ملکی ڈرائیور کی اپیل پر دیت کی ادائیگی، پہاڑ کے کنارے افطار اور جدہ کے لیے پہلی فلائٹ سمیت گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی خبریں
اتوار 9 اپریل 2023 0:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے سعودی قبیلے کی جانب سے سوڈانی ڈرائیور کی طرف سے دیت کی رقم ادا کرنے، وزٹ ویزے کی مدت، پہاڑ کے کنارے والے دسترخوان، مقابلہ حسن قرات اور اربیل سے جدہ کے لیے پہلی پرواز جیسی خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
سعودی قبیلے نے سوڈانی ڈرائیور کی طرف سے دیت کی رقم جمع کرادی
ایک سوڈانی ڈرائیور کی اپیل پر تہامہ قحطان علاقے کے قبائل نے دو لاکھ 25 ہزار ریال کی رقم دیت کے طور پر جمع کرادی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹریفک حادثے میں ایک پاکستانی تارک ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا تھا تھا۔
عدالت نے سوڈانی ڈرائیور کو قصوار قرار دے کر دو لاکھ 25 ہزار ریال کی دیت عائد کردی تھی۔
وزٹ ویزا جاری کرانے کے لیے اقامے کی کم از کم مدت کتنی ؟
سعودی عرب میں وزٹ ویزے کے ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہے۔ قانون کے مطابق وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنا ہوتا ہے۔
مملکت میں فیملی وزٹ ویزے دو طرح کے جاری کیے جاتے ہیں۔ ایک ویزا سنگل انٹری ہوتا جس کی انتہائی مدت 180 دن ہوتی ہے۔ دوسری قسم کے ویزے جسے ملٹی پل انٹری ویزا کہا جاتا ہے اس کی مدت ایک برس ہوتی ہے اس ویزے پرآنے والے 180 دن ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنے کے بعد دوبارہ
سی ویزے پرمملکت آکر مزید 6 چھ ماہ قیام کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب میں بلند وبالا پہاڑ کے کنارے افطار دسترخوان
سعودی عرب کے جازان ریجن میں سیاحتی گائیڈ اورفوٹوگرافر بسام الفیفی نے فیفا پہاڑی سلسلے کے ایک منفرد مقام پرافطار دستر خوان کی عکس بندی کا منفرد تجربہ سوشل میڈیا پرشیئرکیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق بسام الفیفی نے بتایا کہ ’میں فیفا ریجن میں سیاحتی ٹورآپریٹ کرتا ہوں، مہمانوں کے ایک گروپ کے لیے افطار کا اہتمام فیفا پہاڑ کے انتہائی منفرد مقام پرکیا۔ مہمانوں نے مقامی روایتی لباس بھی پہنا اوروہ اس تجربے سے لطف اندوز ہوئے۔‘