اشارہ دیے بغیر ٹریک تبدیل کرنے پر 3 سے 6 ہزار ریال تک جرمانہ
عقب سے آنے والی گاڑی کا خیال رکھتے ہوئے ٹریک تبدیل کیا جائے (فوٹو: گلف نیوز)
سعودی ادارہ ٹریفک پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ’شاہراہ پر تیز رفتاری سے گاڑیوں کے درمیان سے گزرنا اور ایک لائن سے دوسری لائن میں کراس کرنا قانون شکنی کے زمرے میں شامل ہے‘۔
سبق نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپر بیان میں ڈرائیوروں کومتنبہ کیا کہ’ اپنا ٹریک تبدیل کرنے سے قبل اشارہ دیا جائے اورعقب سے آنے والی گاڑی کا خیال رکھتے ہوئے ٹریک تبدیل کیا جائے‘۔
’ایسے افراد جوشاہراہ پرتیزی سے گاڑیوں کی لائن میں گھس کر ٹریک تبدیل کرتے ہیں وہ ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں جس پر 3 سے 6 ہزار ریال تک چالان کیاجاسکتا ہے‘۔
واضح رہے سعودی محکمہ ٹریفک پولیس کے قوانین کے تحت شہر کے اندر یا ہائی ویز پرٹریک تبدیل کرنے سے قبل اشارہ دینا ضروری ہوتا ہے۔
ٹریک تبدیل کرنے کےلیے اشارہ دیے بغیر دوسرے ٹریک میں جانا قانون شکنی ہے جس پر چالان کیاجاسکتا ہے۔
ایسے چالان عام طورپرٹریفک پولیس اہلکارکی جانب سے کیے جاتے ہیں البتہ ٹریفک سگنلز پرموجود کیمرے بھی ایسی گاڑی کی ریکارڈنگ ادارے کے کنٹرول روم کو ارسال کردیتے ہیں جہاں سے خلاف ورزی کے مرتکب گاڑی کے مالک کے موبائل پرچالان ارسال کردیاجاتاہے۔